| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
واجپئی جلد ہی پاکستان جائیں گے
بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے دورے پر جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ انہیں پاکستانی وزیر اعظم سے جنوری میں ملاقات کی توقع ہے۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران واجپئی نے کہا کہ پاکستان میں وہ ان سب لوگوں سے ملیں گے جو ان سے ملنے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے پاکستان جانے کے پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستانی وزیر اعظم ظفراللہ جمالی سے ملیں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ ’بہت خوش ہونگے اگر ملاقات ہو جاتی ہے۔‘ واجپئی ہندی کے مشہور شاعر ہری ونش رائے بچن کی یاد میں ایک ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کے لئے لکھنؤ گئے تھے۔ بھارتی حکومت اس سے پہلے کہتی آئی ہے کہ وہ تب تک پاکستانی قیادت سے بات نہیں کرے گی جب تک کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں در اندازی بند نہیں ہو جاتی۔ پاکستان نے پہلے ہی واجپئی کو جنوری میں اسلام آباد میں ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ حالانکہ اس اجلاس میں علاقائی تجارت اور معیشت کے امور پر مذاکرات ہونگے، بھارت اور پاکستان کے رہنماؤں کو کشمیر سمیت باہمی معاملات پر بات کرنے کا موقع بھی مل سکتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان منگل سے ایل او سی پر فائربندی قائم ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||