| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی پیشکش کا خیرمقدم
بھارت نے کشمیر میں فائر بندی کے پاکستانی اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ، تاہم ساتھ ہی سرحد پار دراندازی ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستانی وزیر اعظم ظفراللہ جمالی نے کہا تھا کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول پر اس ہفتے سے فائرنگ بند کر دے گی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نوتیج سارنا نے کہا کہ بھارت پاکستانی تجویز کو آگے لے جاتے ہوئے سیاچن پر بھی فائربندی کی پیشکش کرتا ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کو بات چیت کے لئے دعوت دے گا۔ گزشتہ ماہ کے اوائل میں بھارت کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کے جواب میں جمالی نے فضائی، زمینی اور آبی روابط پر بات چیت کا ذکر بھی کیا۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ’یہ ایک نایاب لمحہ ہے اور ہمیں امید ہے کہ بھارت اس کا مثبت جواب دیگا۔‘ انہوں نے کہا تھا کہ ’ایل او سی پر تعینات ہماری افواج کو عید سے مکمل فائربندی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔‘ بھارت نےحال ہی میں پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لئے بارہ نکات پر متشمل تجویز پیش کی تھی۔ تقریباً دو برس کی سخت کشیدگی کے بعد بھارت۔پاک تعلقات میں کسی حد تک بہتری آئی ہے، تاہم بھارت نے کشمیر پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے یہ کہہ کر انکار کیا ہے کہ پہلے پاکستان کشمیر میں ’سرحد پار در اندازی بند کرے‘۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||