| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
مائیکل جیکسن کےگھر چھاپہ
کیلیفورنیا کی پولیس نے پوپ سٹار مائیکل جیکسن کی وسیع و عریض اقامت گاہ نیورلینڈ پر چھاپہ مارا ہے تاہم ابھی تک یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ پولیس کو کسی کی تلاش ہے۔ پولیس کے مقامی دفتر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مائیکل جیکسن کے خلاف جاری تفتیش کا حصہ ہے۔ ادھر مائیکل جیکسن کے وکلاء نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ پولیس بارہ برس کے ایک لڑکے کے الزام کی تفتیش کر رہی ہے کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔ نو سال قبل بھی مائیکل جیکسن پر ایک چودہ سالہ لڑکے سے جنسی زیادتی کا الزام لگا تھا لیکن اس قضیہ کا تصفیہ عدالت سے باہر ہی ہوگیا تھا۔ پولیس افسران نے مائیکل جیکسن کی رہائش گاہ کی تلاش کے لئے خصوصی طور پر وارنٹ حاصل کیا تھا تاکہ وہ پینتالیس سالہ گلوکار کے گھر کے اندر جا سکیں۔ اتفاق سے مائیکل جیکسن کے خلاف یہ پولیس کارروائی اسی روز ہوئی ہے جب ایک زبردست شہرت پانے والی البم جاری کی گئی ہے جس میں مائیکل جیکسن کا ’ون مور چانس‘ والا گیت بھی شامل ہے۔ چھاپے کے وقت مائیکل جیکسن اپنی اقامت گاہ پر نہیں تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں مائیکل جیکسن نے جرمنی کے شہر برلن میں اپنے چاہنے والوں کو اس وقت حیران کر دیا تھا جب انہوں نے ہوٹل کی کھڑکی سے ہاتھوں پر اٹھائے ہوئے اپنے بچے کو ایسے باہر نکالا تھا کہ لوگ سہم گئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||