| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
آرنلڈ نے بطور گورنر حلف اٹھا لیا
ہالی وڈ کے باعث شہرت حاصل کرنے والے آرنلڈ شیوارزنیگر نے پیر کے روز امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے اڑتیسویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔ کیلیفورنیا کی عدالتِ عظمیٰ کے چیف جسٹس نے آسٹریا سے تعلق رکھنے والے آرنلڈ سے ایک پروقار تقریب میں حلف لیا جس میں مہمانوں کی تعداد ساڑھے سات ہزار تھی۔ سابقہ باڈی بلڈر نے گورنر کے حلف اٹھانے کے فوراً بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ’گورنر کا عہدہ میرے لئے وجۂ افتخار بھی ہے اور باعثِ انکسار بھی۔‘ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ نئے ٹیکس لگائے بغیر ریاست کے خسارے کے بجٹ سے پیدا ہونے والی خراب معاشی صورتِ حال پر قابو پانے کی بھی کوشش کریں گے۔ آرنلڈ نےجن کی عمر چھپن برس ہے، پہلے سے سیاست یا حکومت کا کوئی تجربہ نہیں ہے لیکن انہوں نے اپنے مدِ مقابل ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار گرے ڈیوس کو گورنر کے عہدے کے لئے ہونے والے انتخاب میں ہرا دیا تھا۔ گرے ڈیوس کو جو آرنلڈ کی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے ریاست کے اقتصادی حالات کی خرابی کے باعث کافی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ کیلفورنیا جو امریکہ کی سب سے امیر اور سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے اس کا بجٹ پچیس ارب ڈالر کے خسارے کا ہے۔ اپنی تقریر میں آرنلڈ نے کہا کہ وہ بہ حیثیتِ گورنر جو پہلا حکم جاری کریں گے وہ یہ ہوگا کہ گاڑیوں پر لگایا جانے والا غیر مقبول ٹیکس ختم کر دیں گے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ریاست کی معاشی حالت میں مزید ابتری پیدا ہوگی۔ ریاست کی اقتصادی بد حالی کے باعث حلف برداری کی تقریب زیادہ پر شکوہ نہیں تھی۔ تاہم امریکہ میں اس تقریب کو ٹیلی وژن پر براہِ راست دکھایا گیا جس میں ہالی وڈ کے کئی مشہور لوگ بھی شریک تھے۔ سابق مس امریکہ نے جوانیس سو پچانوے میں بننے والی فلم ’ایریزر‘ میں آرنلڈ کے ساتھ تھیں، امریکہ کا قومی ترانہ گایا۔ انتخابی مہم میں آرنلڈ پر یہ الزام لگائے گئے تھے کہ انہوں نے خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا تھا کہ ان الزامات کی آزادانہ تحیقات ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||