| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
رمسفیلڈ کی کوریا آمد پرمظاہرے
امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمسفیلڈ کی جنوبی کوریا آمد کے موقع پر امریکہ مخالف مظاہرے ہوئے ہیں۔ مظاہرین جنوبی کوریا میں امریکی فوجوں کی موجودگی اور عراق پر امریکی حملے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ رمسفیلڈ کی سیئول آمد کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری کو سڑکوں پر تعینات کیا گیا تھا۔ مشرقی ایشیاء کے دورے کے اس مرحلے میں امریکی وزیر خارجہ جنوبی کوریا کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی اڈوں، عراق میں اتحادی فوجوں میں جنوبی کوریا کی شمولیت اور شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کے موضوع پر بات چیت کرنے والے ہیں۔ رمسفیلڈ مذاکرات کے دوران ملک میں موجود سینتالیس ہزار امریکی فوجیوں کی ازسرنو تعیناتی کے معاملے پر بھی بات چیت کریں گے۔ امریکہ کی خواہش ہے کہ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں قائم اڈوں کو ملک کے جنوبی حصے میں منتقل کر دیا جائے۔ اپنے دورے کے دوران رمسفیلڈ جنوبی کوریا کے صدر روہموہیون سے ملاقات کریں گے اور شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ بات چیت کے دوران جنوبی کوریا کی فوج کو عراق بھیجنے کا معاملے بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے۔ جنوبی کوریا نے گزشتہ ہفتے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ عراق میں صرف تین ہزار فوجی بھیجے گا۔ دوسری طرف امریکہ جنوبی کوریا پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں فوجی عراق بھیجنے کا اعلان کرے۔ جنوبی کوریا میں عوامی سطع پر ان معاملات پر سخت اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||