| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ریڈیو کنٹرولڈ گدھے
الجیریا میں سمگلروں نے اپنا سمگل شدہ مال مراکش بھیجنے کا ایک نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ وہ گدھے کی کمر پر ایک ٹیپ ریکارڈر باندھ دیتے ہیں جس میں سے ’ارر‘ کی آواز نکلتی ہے۔ ارر کے عربی میں معنی ’چلو‘ ہیں۔ اس طرح گدھا بغیر سوار کے اس راستے پر چلتا رہتا ہے جو سمگلروں نے منتخب کیا ہوتا ہے۔ الجیریا کے روزنامہ الاخبار کے مطابق کسٹمز حکام کو اس کا پتا چل چکا ہے اور انہیں نے اب تک دو سو گدھے ہلاک کر دیے ہیں۔ الجیریا اور مراکش کی سرحد دس سال پہلے مراکش میں ہونے والے ایک بم حملے کے بعد بند کر دی گئی تھی۔ لیکن گدھوں کی ہلاکت کی وجہ سے کئی دیہات میں احتجاج بھی ہوا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا ایک جرم کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جانوروں کو مارنے سے سمگلنگ نہیں روکی جا سکتی۔ تربیت یافتہ گدھے چیزوں سے لدے ہوئے الجیریا کے باب العیسیٰ سے مراکش کے لئے روانہ ہوتے ہیں۔ جب وہ مراکش میں آہفر کے مقام پر پہنچتے ہیں تو ان کے انتظار میں کھڑے سمگلر ان کے اوپر سے مال اتار لیتے ہیں۔ اس کے بعد الجیریا کے لئے سمگل کیا جانے والا مال ان پر لادا جاتا ہے اور انہیں واپسی کے سفر پر روانہ کر دیا جاتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||