| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
واجپئی ہی کچھ کرسکتے ہیں: رشید
پاکستان کے وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی ایسے واحد رہنما ہیں جو پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی معاملات کو حل کر سکتے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ’ان کے علاوہ اور کوئی رہنما نظر نہیں آیا، صرف اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔‘ انہوں نے دہلی میں صحافیوں سے کہا کہ ’واجپئی ایک واحد رہنما ہیں جو بھارت اور پاکستان کے درمیان حل طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے قدم اٹھا سکتے ہیں۔‘ جنوب ایشیائی ممالک کے وزراء اطلاعات کا اجلاس دہلی میں ہو رہا ہے اور اسکا رسماً افتتاح اٹل بہاری واجپئی منگل کو کررہے ہیں۔ اٹل بہاری واجپئی سے ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ افتتاح کے بعد واجپئی سے ملنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی وزیر نے کہا کہ ’صدر پرویز مشرف اور وزیر اعظم ظفراللہ جمالی نے بھارتی وزیر اعظم کے نام خیر سگالی او ر دوستی کا پیغام بھیجا ہے اور مجھے یہ پیغام پہچانے میں صرف چند منٹ ہی لگیں گے۔‘ شیخ رشید دہلی دبئی کے راستے پہنچے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی راستے بند ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||