| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’ تین لاکھ عراقیوں کی اجتماعی قبریں‘
امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے عراق میں تقریباً دو سو ساٹھ اجتماعی قبریں ہیں جن میں کم از کم تین لاکھ عراقی دفن ہیں۔ عراق میں اجتماعی قبروں کے متعلق ایکشن پلان کی سربراہ سینڈرا ہاجکِنسن نے کہا ہے کہ اب تک ایسی چالیس اجتماعی قبروں کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ مِس ہاجکِنسن بغداد میں عراقی اہلکارو ں کو اجتماعی قبروں کو کھودنے کے سلسلے میں کی جانی والی تیاریوں پر ایک کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں شامل بیشتر اجتماعی قبریں ان کرد اور شعیہ افراد کی ہیں جنہیں انیس سو تیراسی اور اکانوے کے درمیان حکومت کی مخالفت کرنے پر ہلاک کیا گیا۔ اگرچہ ایسی کئی قبروں کو دریافت کیا گیا ہے مگر خدشہ ہے کہ لواحقین انپے عزیزوں کی باقیات ڈھونڈنے کی کوشش میں شواہد کو ختم نہ کر دیں۔ اس تین روزہ کانففرنس کا مقصد عراقی اہلکاروں کو ان قبرو ں کو کھودنے اور رشتہ داروں کو اپنے لواحقین کی نعشیں خود برآمد نہ کرنے پر راضی کرنے کے لئے تیار کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے ایسے لوگوں سے ملاقات کی جو زندہ درگور کئے جانے کے بعد قبروں سے رینگ کر زندہ باہر نکل آئے تھے۔ ہم نے ان لوگوں کے خاندانوں سے ملاقات کی جو بچ نہ سکے۔‘ مس ہاجکِنسن کے مطابق نعشوں کی شناخت اور ٹریبیونلز کے لئے شواہد تیار کرنے میں برسوں لگ سکتے ہیں اور اس پر لاکھوں ڈالر صرف ہونگے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||