| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزراء، پارلیمنٹ کی بحالی کامطالبہ
بحران سے دوچار سری لنکا کی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے تین برخاست شدہ وزراء کو بحال کیا جائے اور پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے۔ کولمبو میں بی بی سی کی نامہ نگار انا ہورسبروگ پورٹر کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی حکومت نے صدر کی جانب سے اختیار دخل اندازی کے خلاف انتہائی سرکشی پر مبنی موقف اختیار کیا ہے۔ سری لنکا کی کابینہ کے ترجمان جی ایل پیریس نے کولمبو میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چندریکا کماراٹنگا کے اقدامات کو صدرارتی اختیارات کا ناجائز استعمال قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ برخاست کئے جانے والے تینوں وزراء کو بحال کیا جائے اور فوری طور پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے تاکہ پہلے سے اعلان شدہ شیڈول کے مطابق ملک کا سالانہ بجٹ بارہ نومبر کو پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے حکومت کے زیرانتظام ذرائع ابلاغ سے صدر کی نامزد کردہ افراد ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ ان کے مطابق انہیں مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر نوکریاں دی گئی تھیں۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ عام خیال کے مطابق وزیر رنیل وکرما سنگھے کی وطن واپسی کے بعد سیاسی تعطل کا خاتمہ ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||