| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
صفدر ہاشمی کے قاتلوں کو سزا
بھارت کے شمالی شہر غازی آباد کی ایک عدالت نے بائیں بازو کے ایک کمیونسٹ رہنما صفدر ہاشمی کو چودہ برس قبل دن دہاڑے ایک ہجوم کے سامنے سنگسار کرکے قتل کردینے پر دس افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ بائیں بازو کے کمیونسٹ رہنما، شاعر اور ڈرامہ نویس صفدر ہاشمی چودہ برس قبل یکم جنوری انیس سو نواسی کو غازی آباد میں ایک سٹریٹ ڈرامہ سٹیج کررہے تھے کہ ان کے سیاسی مخالفین کے ایک گروہ نے انہیں گھیر لیا اور ڈرامہ دیکھنے کے لئے وہاں موجود ہجوم کے سامنے ہی دن دہاڑے ان پر پتھروں کی بارش کرکے انہیں شدید زخمی کردیا تھا۔ بعد ازاں صفدر ہاشمی ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔ قتل کی اس بھیانک واردات سے بھارت بھر میں واویلا مچ گیا تھا۔ بدھ کو ہزاروں لوگ اس عدالت کے احاطے میں موجود تھے جہاں جج نے صفدر ہاشمی کے قتل کے مجرموں کو سزا سنائی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ صفدر ہاشمی کو سیاسی انتقام کی بنیاد پر قتل کیا گیا تھا۔ صفدر ہاشمی اشتراکیت کے مبلغ تھے اور نکڑ ناٹک یعنی سٹریٹ تھیٹر کے ذریعے عوامی بیداری کی تحریک چلارہے تھے۔ یہ ڈرامے گلی محلوں اور بازاروں میں سٹیج کئے جاتے تھے اور انہیں بغیر ٹکٹ کے دیکھا جاسکتا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||