| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
موصل: دو امریکی فوجی ہلاک
عراق میں اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی شہر موصل میں ایک بم دھماکہ ہوا ہے جس میں کم از کم دو امریکی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ بغداد میں اتحادی فوج کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ سنیچر کی صبح کو امریکی فوج کے ایک قافلے پر حملہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق جس سڑک پر سے امریکی فوج کا قافلہ گزر رہا تھا وہاں حملہ آوروں نے بم نصب کر رکھے تھے جو ایک دھماکے کے ساتھ پھٹ گئے۔ زخمیوں کو فوری علاج کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے فوجی 101 ایئر بورن ڈویژن سے تھے۔ بغداد میں بی بی سی کی نامہ نگار جل مِک گِورنگ کے مطابق عراق میں قابض امریکی فوج پر اب اوسطً روزانہ پچیس حملے ہو رہے ہیں۔ بغداد میں سنیچر کو بہت سارے والدین نے ان افواہوں کے بعد کہ شدت پسند دوبارہ حملے کریں گے بچوں کو سکول جانے سے روک دیا تھا۔ شہر میں خفیہ طور پر دھمکی آمیز اشتہارات بانٹے جا رہے ہیں اور امریکی اور آسٹریلوی قونصل خانوں نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بہت محتاط رہیں۔ بغداد سے بی بی سی کی نامہ نگار لکھتی ہیں کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ دھمکیوں میں کتنا دم ہے لیکن دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والے کم از کم مقامی لوگوں کو ہراساں کرنے میں ضرور کامیاب ہو گئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||