| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سری لنکا: باغیوں کی امن تجاویز
سری لنکا کے تامل باغیوں نے اقتدار میں شراکت کی اپنی پہلی تجاویز حکومت کو بھیجی ہیں تاکہ دو دہائیوں سے جاری نسلی تنازعہ کا کوئی حل ڈھونڈا جا سکے۔ بارہ صفحات پر مشتمل دستاویز کو ڈرافٹ کرتے ہوئے کئی ماہ لگے اور ناروے کے مفاہمت کاروں کے مطابق گزشتہ سترہ سالوں میں باغیوں کی سیاسی سوچ کے متعلق یہ سب تفصیلی بیان ہے۔ تجاویز کے مطابق ان علاقوں میں جہاں جنگ ہوتی رہی ہے ایک عبوری انتظامیہ کی تشکیل کی بات کی گئی ہے۔ تامل ٹائیگروں کے سیاسی بازو کے سربراہ نے یہ تجاویز ناروے کے سفارتکار کو پیش کیں جو انہیں سری لنکا کی حکومت کے حوالے کر دیں گے۔ دستاویز کے مطابق، جو ابھی عام نہیں کی گئی، شمال مشرقی علاقے میں عبوری انتظامیہ کے بارے میں عمومی اصولوں کا خاکہ بنایا گیا ہے۔ تامل ٹائیگروں نے کہا ہے کہ وہ اپنی تجاویز کی بنیاد پر اپریل میں معطل ہونے والے امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کریں گے۔ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ باغیوں کی تجاویز زیادہ حساس سیاسی مطالبے نہ کریں اور مشکل تفصیلات کو مذاکرات کی میز کے لئے چھوڑ دیں۔ جن باتوں پر دوبارہ تنازعہ کھڑا ہو سکتا ہے ان میں مال، زمین اور سلامتی کے مسائل شامل ہیں جو ابھی تک حکومت باغیوں کے ہاتھوں میں دینے سے گریزاں ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||