| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بات چیت کے لئے تیار ہوں: شیرون
اسرائیلی وزیراعظم ایریل شیرون نے کہا ہے کہ وہ اپنے فلسطینی ہم منصب احمد قریع کے ساتھ کسی بھی وقت بات چیت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ شیرون کی طرف سے بات چیت کی پیشکش اس سے پہلے کے اسرائیلی فیصلے کے برعکس ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چونکہ قریع یاسر عرفات کے قریبی ساتھی ہیں اس لئے ان سے بات نہیں ہوگی۔ اسرائیل اور امریکہ دونوں ہی عرفات کے ساتھ یہ کہہ کر تعلق نہیں رکھنا چاہتے کہ ان کے ہاتھ ’دہشتگردی سے رنگے‘ ہیں۔ ایریل شیرون نے کہا کہ فلسطینیوں نے اس میٹنگ کے لئے مہلت کی درخواست کی ہے تاکہ نامزد وزیر اعظم قریع کو مضبوط ہونے کا موقع ملے۔ مسٹر شیرون کا کہنا تھا کہ ’فلسطینیوں کے ساتھ ہماری بات چیت جاری ہے، اگرچہ وزیر اعظم کی سطح پر نہیں۔ ہم کسی بھی وقت بات چیت شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔‘
مسٹر شیرون نے تل ابیب میں ایک اقتصادی فورم میں جمعرات کو یہ بھی کہا کہ ’اسرائیل امن و امان حاصل کرنے کے ایک نئے موقعہ کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔‘ فلسطینی اہلکاروں نے شیرون کے کلمات کو ایک چال کہہ کر مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی روزنامے ہاریتز میں فلسطینی وزیر جمال الشباکی کے حوالے سے یہ بیان شائع ہوا ہے کہ فلسطینیوں نے شیرون اور قریع کی ملاقات کو ملتوی کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||