| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں عملہ کم کرنے کا اعلان
بین الاقوامی ریڈ کراس نے بغداد میں تعینات اپنے عملے میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسا پیر کے روز بغداد میں ریڈ کراس کے دفتر میں دھماکے کے بعد کیا گیا ہے۔ تاہم جنیوا میں ریڈکراس کے ہیڈ کوارٹر سے جاری کئے گئے اعلان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ریڈکراس مکمل طور پر عراق سے باہر نہیں نکلے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریڈکراس مشکل حالات میں عراقی عوام کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔ بیان میں یہ نہیں کہاگیا ہے کہ کتنا عملہ عراق سے نکالا جائے گا۔ اس وقت عراق میں ریڈکراس کے تیس بین الاقوامی اراکین اور تقریباً چھ سو عراقی عملہ موجود ہے۔ ادارے نے بغداد میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد جس میں اس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے، عراق میں اپنی کارروائیوں پر از سر نو غور کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس بم حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے امدادی اداروں پر زور دیا تھا کہ وہ عراق سے دست بردار نہ ہوں، کیونکہ اس سے حملہ آوروں کی جیت ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||