| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی ایجنٹ ہلاک
امریکی خفیہ ادارے سی آئی آے کے ایک اعلان کے مطابق دو امریکی جو کے افغانستان میں القاعدہ کے ارکان کی تلاش کا کام کر رہے تھے ایک چھاپہ مار کارروائی میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ولیم کارلسن اور کرسٹوفر گلین ملر دونوں سی آئی اے کے لیے مشرقی افغانستان میں پاکستان کی سرحد کے ساتھ ساتھ القاعدہ کے مفرور ارکان کی تلاش کا کام کر رہے تھے۔ ایجنسی نے مرنے والے ایجنٹوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اعلان سے افغانستان میں جاری ایجنسی کی کارروائیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ دونوں امریکی پکتیا صوبے کے ایک گاؤں شکن میں ہلاک ہوئے۔ شکن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے یہاں بڑی تعداد میں القاعدہ کے ارکان چھپے ہوئے ہیں۔ افغانستان پر امریکی حملے کے بعد سے اب تک افغانستان میں سی آئی اے کے چار ایجنٹ ہلاک ہو چکے ہیں۔ تاہم یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ کیا یہ دونوں ایجنٹ اس علاقے میں ہفتے کو شروع ہونے والی لڑائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔ طالبان اور القاعدہ کے بچے کھچے عناصر کی اس علاقے میں کارروائیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ اور یہ افوائیں بھی زور پکٹرتی جارہی ہیں کہ اساما بن لادن بھی اس علاقے میں روپوش ہیں۔ ایجنسی نےان ایجنٹوں کی ہلاکت کے بارے میں مزید تفصیل جاری نہیں کی۔ مرنے والے دونوں امریکیوں کا شمار ایجنسی کے تجربہ کار افراد میں ہوتا تھا اور دونوں ایجنسی کی خفیہ کارروائیاں کرنے والے ڈائرکٹیریٹ کے لیے کافی عرصے سے کام کر رہے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||