| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سفارت کار کے بیٹے کی ’خودکشی‘
پاکستان کے صوبہ سرحد کے شمالی شہر ایبٹ آباد میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ہوٹل میں الجیریا کے ایک سفارت کار کا بیٹا پراسرار طور پر مردہ پایا گیا ہے۔ مقامی پولیس اور ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے کہ اس شخص نے بظاہر خودکشی کی ہے۔ پراسرار ہلاکت کا یہ واقعہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے تقریبا ایک سو بیس کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہرایبٹ آباد میں پیش آیا۔ شہر کے کمفرٹ ان نامی ہوٹل کے منیجر محمد شمریز نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو ٹیلیفون پر بتایا کہ تیس سالہ اس غیر ملکی نے منگل کی رات اکیلے کمرہ نمبر دو سو نو میں چیک ان کیا اور انہیں صبح ساڑھ نو بجے اٹھانے کی ہدایت کی۔ ’ہم نے صبع فون کیا مگر کسی نے نہیں اٹھایا۔ کمرے کا دروازے بھی کھٹکھٹایا لیکن جواب نہیں ملا۔ چابی والی سوراخ سے اندر دیکھا تو اس شخص کے پاؤں نظر آئے تو پولیس کو اطلاع کی۔‘ شمریز کے بقول اس الجیریائی شخص کا نام سیفرڈ جیلی تھا اور ان کہنا ہے کہ اس نے بظاہر خودکشی کی تھی۔ ’اس کے پاس سے پیٹرول یا سپرٹ کی ایک بوتل ملی تھی۔‘ کہا جا رہا ہے کہ یہ شخص الجیریا کے اسلام آباد میں سفارت کار عیسی سفری کا بیٹا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایوب میڈیکل کمپلکس بھیج دیا ہے۔ عیسی سفری اس موقعہ پر خود موجود تھے اور انہوں نے مقامی صحافیوں سے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||