| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’مسلمانوں پر مظالم بند کیے جائیں‘
بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں آل گجرات کانفرنس میں ریاست بھر کے ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی ہے جو گجرات کے مسلمانوں کی حفاظت و سلامتی سے متعلق تشویش کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد جمیعت علماء گجرات نے کیا ہے جس سے ملک بھر کے مسلمان رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے بھارتیہ جنتا پارٹی قیادت میں قائم مرکزی اور ریاستی مخلوط حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں پر (بقول ان کے) مظالم ڈھائے جانے بند کئے جائیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسد مدنی نے مسلمانوں سے کہا کہ حقیقی اسلام کی صحیح معنوں میں پیروی کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندو شدت پسند تنظیموں راشٹریہ سیوکھ سنگھ اور وشوا ہندو پریشد کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف مبینہ پروپیگنڈہ بند کیا جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے مولانا محمود مدنی نے کہا کہ بھارت کو فرقہ واریت کے ذریعے تقسیم کرنے کی سازش ناکام بنا دی جائے گی۔ مقررین نے فرقہ واریت مخالف ایکٹ اور دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے قانون پوٹا کے مبینہ ناجائز استعمال پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||