| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
آٹھ افغان پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو جنوبی صوبے زابل میں سو سے زائد مشتبہ طالبان جنگجوؤں کی جانب سے سرکاری دفاتر پر حملے کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔ ایک مقامی افسر کا کہنا ہے کہ دو پولیس اہلکار تو جھڑپ میں لڑتے ہوئے مارے گئے جبکہ باقی چھ اہلکار اغواء کر لئے گئے تھے جنہیں بعد میں قتل کردیا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں سرکاری دفاتر میں آگ لگ گئی اور چار گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ یہ حملہ قندھار کی جیل توڑ کر طالبان کے کئی رہنماؤں کے فرار کے بعد کیا گیا ہے۔ جیل توڑ کر تقریباً چالیس افراد فرار ہوئے تھے۔ پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک میں افغانستان میں معزول ہونے والی طالبان حکومت کے چھپے ہوئے حامیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سے منسوب کئی پیغامات کے سامنے آنے کے بعد ان کارروائیوں میں خاصی تیزی آ گئی ہے۔ حال ہی میں افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے شمالی قبائلی علاقوں میں ایک جھڑپ میں کئی مشتبہ طالبان اہلکار ہلاک اور ان کے کئی ساتھی زخمی ہوئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||