| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی ویزہ، بھارتی ماہرین کی پریشانی
امریکی حکومت کی طرف سے ایچ ون بی یا ورک ویزہ جاری کرنے میں کمی کے فیصلے سے ہندوستان کی سافٹ ویئر کی صنعت کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بدھ سے لاگو ہونے والے اس امریکی فیصلے کے تحت غیرملکی افراد کو ورک ویزہ کی تعداد اس سال ایک لاکھ پچانوے ہزار سے کم کر کے پینسٹھ ہزار کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی میں بی بی سی کی ایک نامہ نگار کے مطابق ہر سال ڈھائی لاکھ ہندوستانی شہری امریکہ میں کام کرنے کے اجازت نامے یا ایچ ون بی ویزے کے لئے درخواست دیتے ہیں۔ اس ویزہ کے تحت غیر ملکی شہری زیادہ سے زیادہ چھ سال تک امریکہ میں کام کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی سے تعلق رکھنے والے سافٹ ویئر کے ماہرین امریکی ویزوں کی اس کٹیگری سے سب سے زیادہ تعداد میں مستفید ہوتے ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ وہ اس نئے فیصلے سے سب سے زیادہ متاثر بھی ہونگے۔ سافٹ ویئر کے شعبے سے متعلق ایک ہندوستانی بزنس مین اشوک لاہا کے مطابق فی الحال امریکی مارکیٹ میں مندی کا رجحان ہے، اس لئے اس فیصلے کا اثر کم محسوس ہوگا لیکن اگر امریکہ میں سافٹ ویئر ماہرین کی مانگ میں اضافہ ہوا تو اس فیصلے کا اثر زیادہ شدت سے محسوس کیا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||