انڈیا اور چین کے درمیان این ایس جی اور مسعود اظہر پر بات

،تصویر کا ذریعہMEA India
انڈیا نے چین کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ بات چیت کے دوران نوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) کی رکنیت کے متنازع موضوع کے ساتھ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر پابندی کے حوالے سے بات کی ہے۔
خیال رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر ان دنوں انڈیا میں موجود ہیں۔
انڈین خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران خارجہ سیکریٹری کی سطح پر باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کے لیے نئے میکنزم پر رضامندی ظاہر کی گئی۔
سشما سوراج نے این ایس جی کی رکنیت کے انڈین دعوے کے متعلق بات کی اور دونوں رہنماؤوں نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ جلد ہی اس سلسلے میں اسلحے کی عدم توسیع کے اعلیٰ اہلکاروں کے درمیان ملاقات ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
چار گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران سشما سوراج نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چین اور پاکستان کی اقتصادی راہداری کے متعلق ہندوستان کے خدشات کا اظہار بھی کیا۔
انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان سرحد کے حالات کا جائزہ لیا اور امن و امان بحال کرنے کے لیے مزید اقدامات پر گفتگو کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ جون میں این ایس جی کے 48 ممالک کے اجلاس میں چین نے ہندوستان کی رکنیت کے دعوے کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی تھی کہ انڈیا نے جوہری اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔
انڈیا کا کہنا تھا کہ چین واحد ملک تھا جس نے اس کی مخالفت کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
انڈیا نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کی حوالگی کے بارے میں چینی موقف پرسوال اٹھائے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے جیش محمد کے سربراہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ چین نے تکنیکی بنیاد پر ان پر پابندی لگا رکھی۔
انڈیا نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف اپنے ’زیرو ٹالرینس‘ کے موقف کے تحت از سر نو غور کرے۔
اس سے قبل چینی وزیر خارجہ نے انڈیا کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی تھی جہاں این ایس جی اور دوسرے اہم امور پر گفتگو کی۔
عالمی خبررساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق چین اپنے شہر ہانگ ژاؤ میں ہونے والی جی 20 کی سربراہ کانفرنس اور انڈیا کی ریاست گوا میں ہونے والی برکس کانفرنس کے سلسلے میں انڈیا سے مواصلات اور تعاون میں اضافہ کرے گا جو کہ ترقی پزیر معیشت کی حیثیت اور کردار میں اضافہ ہوگا۔







