افغانستان میں غیر ملکی سیاحوں پر حملہ، چھ زخمی

،تصویر کا ذریعہAFP

افغانستان میں حکام کے مطابق مشتبہ شدت پسندوں نے ملک کے مشرقی حصے میں غیر ملکی سیاحوں کے ایک قافلے پر حملہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے اس حملے میں چھ غیر ملکی سیاح زخمی ہوئے ہیں۔

افغان حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک درجن غیر ملکی سیاحوں کا یہ گروپ فوج کی حفاظت میں صوبے ہیرات کی جانب جا رہا تھا جب اسے راستے میں نشانہ بنایا گیا۔

افغانستان کے صوبے ہیرات کے گورنر کے ترجمان جیلانی فرحاد نے بی بی سی کو بتایا کہ غیر ملکی سیاحوں میں برطانیہ کے آٹھ، امریکہ کے تین اور جرمنی کا ایک سیاح شامل تھا۔

اطلاعات کے مطابق کچھ سیاحوں کو معمولی زخم آئے ہیں اور وہ ہسپتال میں ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان کی مرکزی شاہراہیں شدت پسندوں کے حملوں اور غیر ملکیوں کو اغوا کرنے کی وجہ سے بدنام ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صوبے ہیرات کی سٹرک پر پیش آیا۔

افغانستان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان صادق صدیقی نے افغانستان کے تولو نیوز چینل کو بتایا کہ غیر ملکی سیاح بامیان سے ہیرات جا رہے تھے۔