جھارکھنڈ میں ’ڈائن‘ ہونے کے شبہے میں پانچ خواتین قتل

،تصویر کا ذریعہRavi prakash
بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں حکام کے مطابق ایک گاؤں میں مقامی افراد نے ’ڈائن‘ قرار دے کر پانچ خواتین کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت رانچی سے37 کلومیٹر دور واقع گاؤں کجیا میں پیش آیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دیہاتیوں نے جمعے کو رات گئے ان خواتین کو ان کے گھروں سے نکالا اور قتل کر دیا۔
ہلاک کی جانے والی پانچوں خواتین کا تعلق گاؤں کے مختلف خاندانوں سے تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کی ہے اور اس سلسلے میں تقریباً دو درجن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رانچی کے ایس پی (رورل) نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ دیہاتیوں کے ایک گروپ نے مل کر ان خواتین کے قتل کا فیصلہ کیا تھا۔
پولیس افسر کے مطابق انھیں شک تھا کہ یہ خواتین ڈائن ہیں اور ان کی وجہ سے گاؤں میں امن نہیں رہتا۔

،تصویر کا ذریعہRavi prakash
ہلاک کی گئی ایک خاتون کے لواحقین نے بتایا کہ دیہاتیوں نے دروازہ کھلوایا اور جب تک وہ کچھ سمجھ پاتے، ان لوگوں نے ایک ایک کر کے خواتین کو باہر نکال لیا جس کے بعد انھیں تیز دھار ہتھیاروں سے مار دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لواحقین کے مطابق اس واقعے کے بعد قاتل وہیں موجود رہے اور لاشیں دینے سے بھی انکار کر دیا۔
موقع پر پہنچنے والی پولیس بھی کافی دیر بعد ہی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جا پائی۔
خیال رہے کہ جھارکھنڈ میں ماضی میں بھی ڈائن ہونے کا الزام لگا کر خواتین کے قتل کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ریاست بننے کے بعد سے اب تک اس طرح کے واقعات میں 1200 خواتین کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔







