پاکستان اور چین بھارت کے لیے ایک سفارتی چیلنج

نریندر مودی نے گذشتہ ایک سال میں جتنے غیر ملکی دورے کیے اتنے کسی دوسرے بھارتی وزیر اعظم نے نہیں کیے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشننریندر مودی نے گذشتہ ایک سال میں جتنے غیر ملکی دورے کیے اتنے کسی دوسرے بھارتی وزیر اعظم نے نہیں کیے
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سنیچر کو اپنا چین کا تین روزہ دورہ مکمل کر رہے ہیں۔ وہ یہاں سےمنگولیا اور جنوبی کوریا بھی جانے والے ہیں۔ اس دورے سےواپس آنےکے بعد وہ بنگلہ دیش کےدورے پرجائیں گے۔

وہ بھارت کے پہلےوزیرِاعظم ہیں جنھوں نے اپنےاقتدار کے پہلے برس میں اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی دورے کیے ہیں۔

گذشتہ برس وزیرِ اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے کچھ ہی دنوں بعد انھوں نے بھوٹان کا دورہ کیا، نیپال گئے، انھوں نے آسٹریلیا اور فجی کا دورہ کیا۔

وہ اس مدت میں سنگا پور، جرمنی، فرانس اور ماریشس بھی ہو آئے ہیں۔ انھوں نے جاپان، کینیڈا اورامریکہ کا بھی دورہ کیا۔

نریندر مودی کو وزیر اعظم بننے سے پہلے ہی بین الاقوامی تعلقات میں خاصی دلچسپی رہی ہے۔ وہ بین الاقوامی محاذ پر اتنے سرگرم ہیں کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کا کردار کہیں ’پس منظر‘ میں چلا گیا ہے۔

چین کے دورے میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے 30 سےزیادہ معاہدے ہوئے

،تصویر کا ذریعہMEAIndia

،تصویر کا کیپشنچین کے دورے میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے 30 سےزیادہ معاہدے ہوئے

نریندر مودی نے وزیر اعظم کےطور پر اپنی حلف برداری کی تقریب میں سارک رہنماؤں کو مدعو کر کے ایک زبردست سفارت کاری کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف دہلی آئے اور ایک لمحے کے لیے ایسا محسوس ہوا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں زبردست تبدیلی آنے والی ہے لیکن چند مہینوں کے اندر پاکستان کے ہائی کمیشن سے علیحدگی پسند کشمیری رہنماؤں کی ملاقات پر بھارتی اعتراض کےبعد بات چیت بند ہو گئی اور تعلقات پہلے سے بھی زیادہ خراب ہو گئے۔

برسوں کی بات چیت اور اعتماد سازی کے بعد تجارت اور آنے جانے کے سلسلےمیں جو اقدامات کیے گئے تھے انھیں بھی زک پہنچی۔

مودی کے اقتدار کے ایک برس پورے ہوتے ہوتے پاکستان سے بھارت کےتعلقات معلق ہیں۔ صورت حال یہ کہ بات چیت شروع کرنےکا بھی کوئی نقطۂ آغاز نہیں مل رہا ہے۔

اس مدت میں امریکہ سے بھارت کےتعلقات معمول پر آئے۔ سابقہ حکومت کے دوران ایک بھارتی سفارت کار کی گرفتاری سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی۔ آسٹریلیا اور جاپان سے بھارت کےاقتصادی تعلقات پہلے سےزیادہ مضبوط ہوئے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف دہلی آئے تو ایک لمحے کے لیے لگا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں زبردست تبدیلی آنے والی ہے لیکن تھوڑے دنوں بعد ہی بات چیت بند ہو گئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف دہلی آئے تو ایک لمحے کے لیے لگا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں زبردست تبدیلی آنے والی ہے لیکن تھوڑے دنوں بعد ہی بات چیت بند ہو گئی

چین کے دورے میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے 30 سےزیادہ معاہدے ہوئے۔ لیکن سرحدی تنازع پر کوئی پیش رفت نہ ہوئی اور نہ اس طرح کےکوئی اشارے ملے کہ آنے والے دنوں میں اسے حل کرنے کے لیے کوئی جامع مذاکرات شروع کرنےکا کوئی ارادہ ہے۔ چین سے سرحدی تنازع بھارت کے لیے سفارتی اور عسکری چیلنج بنا رہےگا۔

پاکستان کو چھوڑ کر باقی پڑوسی ممالک سے بھارت کےتعلقات اس مدت میں بہتر ہوئے لیکن سب سے اہم سفارتی واقعہ جون کے وسط میں متوقع ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔

ان کےاس دورے میں دونوں ملکوں کےدرمیان سرحدی زمینوں کے تبادلے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس معاہدے کی بھارتی پارلیمان منظوری دے چکی ہے۔ اس معاہدے سےسرحد پر تارکین وطن کے غیر قانونی داخلے پر قابو پانےمیں مدد ملے گی۔

مودی اور اوباما کے درمیان دوطرفہ ملاقات کو دنیا بھر میں انتہائی دلچسپی کے ساتھ دیکھا گيا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمودی اور اوباما کے درمیان دوطرفہ ملاقات کو دنیا بھر میں انتہائی دلچسپی کے ساتھ دیکھا گيا

مودی نے اپنے اقتدار کے ایک برس میں جتنےغیر ممالک کےدورے کیے ہیں اتنے بھارت کے کسی دوسرے وزیرِ اعظم نے نہیں کیے۔ ان کےان دوروں سے سے ان ممالک سے تعلقات مستحکم کرنے میں یقیناً مدد ملی ہے اور ساتھ ہی مودی خود کو ایک اقتصادی اصلاح پسند رہنما کےطور پر دنیا کے سامنے پیش کرنے میں بہت حد تک کامیاب رہے ہیں۔