’نہیں جانتے کہ داؤد ابراہیم کہاں چھپا ہوا ہے‘

بھارتی وزارتِ داخلہ نے پارلیمان کو بتایا ہے کہ ان کے پاس ممبئی میں جرائم کی دنیا کے سابق سرغنہ داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کے بارے میں معلومات نہیں اور جب تک اس بارے میں پتہ نہیں چلتا انھیں واپس لانے کی کارروائی شروع نہیں کی جا سکتی۔
بھارتی پولیس ایک طویل عرصے سے داؤد ابراہیم کو تلاش کر رہی ہے۔
وہ سنہ 1993 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملے میں پولیس کو مطلوب ہیں اور ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
ماضی میں بھارتی حکومت کا الزام رہا ہے کہ پاکستانی خفیہ اداروں نے داؤد ابراہیم کو پناہ دے رکھی ہے جبکہ پاکستان اس الزام سے انکار کرتا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق داؤد ابراہیم کی حوالگی کے معاملے پر وزیرِ مملکت برائے امور داخلہ ہری بھائي چوہدری نے منگل کو لوک سبھا میں اپنے بیان میں کہا کہ داؤد کے بارے میں حکومت کے پاس معلومات نہیں ہے اور ان کا پتہ چلتے ہی حوالگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ان کے خلاف ایک خصوصی نوٹس جاری کیا ہے۔ اس شخص کے ٹھکانے کے بارے میں ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے، جیسے ہی پتہ چلے گا، اسے بھارت لانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔‘
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اقتدار میں آنے سے پہلے کہا تھا کہ اگر وہ وزیر اعظم منتخب ہو گئے تو وہ بھارت کو مطلوب داؤد ابراہیم کو پاکستان سے بھارت لے کر آئیں گے۔
اس پر ردعمل میں پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے کہا تھا کہ ’نریندر مودی کو پہلے یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ داؤد ابراہیم کہاں رہتا ہے اور پھر ان کو پاکستان پر حملے کا خواب دیکھنا چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ پاکستان داؤد ابراہیم کی بیٹی کی سسرال ہے کیونکہ ان کی شادی پاکستان کے سابق سٹار کرکٹر جاوید میانداد کے بیٹے سے ہوئی ہے۔







