بیک وقت17 معاشقوں کا راز کار حادثے سے فاش

یوآن کے 17 معاشقوں کی داستان کا چین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر خوب چرچا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنیوآن کے 17 معاشقوں کی داستان کا چین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر خوب چرچا ہے

چین میں ایک شخص کی دھوکہ دہی کا راز اس وقت فاش ہو گیا جب ایک کار حادثے میں زخمی ہونے پر اس کی 17 محبوبائیں اس کی تیمارداری کے لیے ہسپتال پہنچ گئیں۔

ساؤتھ چائنا پوسٹ کے مطابق ہونان صوبے کے چینگشا شہر سے تعلق رکھنے والے یوآن نامی اس شخص کے بیک وقت 17 خواتین سے معاشقے چل رہے تھے اور ان میں سے ایک اس کے بچے کی ماں بھی تھی۔

یہ شخص کئی برسوں سے اپنی ہر محبوبہ کو اپنی وفا کا یہ کہہ کر یقین دلا رہا تھا کہ اس محبوبہ کے علاوہ اور کوئی عورت اس کی زندگی میں نہیں ہے لیکن اس کے معاشقوں پر سے پردہ اس وقت اٹھا جب ڈاکٹروں نے حادثے کے بعد اس کے ’پیاروں‘ سے رابطہ کیا۔

ژاؤ لی 18 ماہ سے یوآن کے عشق میں گرفتار ہیں۔ ان کا ایک مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’جب میں نے سنا کہ وہ ہسپتال میں ہے تو میں بہت پریشان ہوئی، لیکن جب میں نے ہر روز ایک سے ایک خوبصورت لڑکی کو یوآن کی تیمارداری کے لیے آتے دیکھا تو مجھے اصل کہانی کا ادراک ہوا، اب میں اس کے لیے اور نہیں رو سکتی تھی۔‘

ژاؤ لی کے مطابق کئی عورتوں نے یوآن کی مالی مدد کی ہے اور ایک عورت تو نو سال سے اس کو پیسے دے رہی ہے۔

ایک اور محبوبہ نے اخبار کو بتایا کہ وہ تو شادی کی تیاری کر رہی تھی۔

یوآن کے 17 معاشقوں کی داستان کا چین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر خوب چرچا ہے اور ہزاروں لوگ اس بارے میں آرا دے رہے ہیں۔

لیکن ہر کوئی ان پر تنقید نہیں کر رہا بلکہ کچھ لوگ تو ان کے بیک وقت کئی معاشقے چلانے کی صلاحیت پر فریفتہ دکھائی دیتے ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ عورتوں کو اس بات کا اندازہ ہو جانا چاہیے تھا کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔

جہاں تک یوآن کا تعلق ہے ان کی مشکلات کا تو ابھی آغاز ہی ہوا ہے۔ محبوبائیں جو ان کے ساتھ کر یں گی سو کریں گی، پولیس نے بھی ان کے خلاف دھوکہ دہی کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔