بیجنگ کے رہائشیوں کے لیے کیپسول اپارٹمنٹس

،تصویر کا ذریعہSOHU TV
بیجنگ کے رہائشی اب انتہائی چھوٹے رہائشی اپارٹمنٹس جو دیکھنے میں ڈبے کی طرح لگتے ہیں اور انہیں کیپسول اپارٹمنٹس کہا جاتا ہے کرائے پر لے سکیں گے۔
اگرچہ کیپسول ہوٹل زیادہ تر جاپان میں پائے جاتے ہیں لیکن ڈیلی چائنہ اخبار کے مطابق ایک مالک مکان 16 ڈالر یومیہ پر کمرے کرائے پر دے رہا ہے۔ اس رقم کے عوض رہائشی160 مربع میٹر کے فلیٹ میں ایک چھوٹا سا کمرہ اور اس کے ساتھ محدود لاونج استعمال کر سکتے ہیں۔
بیجنگ نیوز کے مطابق رہائشیوں کو دوسرے لوگوں کی صحبت پسند ہونا ضروری ہے کیونکہ ان کو 17 دوسرے کرائے داروں کے ساتھ اس فلیٹ میں رہنا پڑے گا۔
ایک 22 سالہ نوجوان نے جو روزگار کی تلاش میں بیجنگ آیا ہے اور کیپسول اپارٹمنٹ میں رہ رہا ہے، بیجنگ نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس جگہ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہاں کرایہ بہت کم ہے دوسری جگہوں پر کرائے آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک بات ہے کہ یہاں لوگ بہت عجیب قسم کے ہیں اور کبھی مجھے لگتا ہے کہ اس فلیٹ میں تازہ ہوا کی بھی کمی ہے لیکن میں ادھر کچھ عرصے سے رہ رہا ہوں اس لیے اب مجھے عادت ہو گئی ہے۔‘
یہ واضع نہیں ہے کہ کب تک یہ کیپسول اپارٹمنٹس کرائے پر ملتے رہیں گے کیونکہ چائنہ ڈیلی کے مطابق یہ کاروبار حکام کی اجازت کے بغیر چلایا جارہا ہے۔



