بھارتی گینگسٹر ابو سلیم کو عمرقید کی سزا

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی شہر ممبئی کی ایک عدالت نے ایک مبینہ گینگسٹر ابوسلیم کو بیس سال پہلے کیےگئے ایک قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں ابو سلیم پر مارچ 1995 میں جائیداد کے تنازع پر ایک بلڈر پردیپ جین کو ممبئی میں اس کے گھر کے سامنے گولی مار کر ہلاک کرنے کا مقدمہ چلایا گیا تھا۔
ابو سلیم 1993 میں ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے مرکزی ملزم بھی ہیں اور انہیں 2002 میں پرتگال میں گرفتار کیا گیا تھا۔
2005 میں انھیں بھارت کے حوالے کیا گیا اور وہ اس وقت سے زیر قید ہیں۔
ابو سلیم پر قتل، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے کم سے کم 25 دیگر مقدمات بھی درج ہیں اور ان پر بالی وڈ کے فلمی ستاروں اورپروڈیوسروں کو ڈرانے دھمکانے کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ابو سلیم معروف مبینہ مافیا لیڈر داؤد ابراہیم کے اہم ساتھی ہیں، جو ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے ہیں، ان دھماکوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ان بم دھماکوں کے بعد ابو سلیم اپنی ساتھی اور سابق بالی وڈ اداکارہ مونیکا بیدی کے ہمراہ بھارت چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
ان دونوں کو انٹرپول وارنٹ کے ذریعے گرفتار کیا گیا اور بھارت کی جانب سے ابوسلیم اور مونیکا بیدی کو سزائے موت نہ دینے کی یقین دہانی پر پرتگال نے انہیں بھارت کے حوالے کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
47 سالہ ابو سلیم ممبئی کے قریب رائےگڑھ ضلع کی تلوجا سینٹرل جیل میں قید ہیں۔







