بے اولاد امیر جوڑے کا وارث بندر

بھارت میں ایک بے اولاد امیر جوڑے نے ایک بندر گود لے رکھا ہے جسے وہ اپنا وارث قرار دیتے ہیں۔
براجیش سرواستوا اور ان کی بیوی شبیستا کہتی ہیں کہ جب سے انھوں نے بندر کو گود لیا ہے ان کی زندگی زیادہ خوشحال ہو گئی ہے اور وہ اس کی اچھی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں گے۔
دونوں میاں بیوی بے اولاد ہیں تاہم وہ چنمن نامی بندر کو اپنا بیٹا مانتے ہیں۔ انھوں نے اس کے لیے ایک ٹرسٹ بھی قائم کیا ہے تاکہ ان کے مرنے کے بعد بھی بندر کی دیکھ بھال جاری رہے۔
45 سالہ شبیستا نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ شاید یہ کہیں کہ ہم پاگل ہیں وہ شاید ہمارا مذاق اڑایں مگر ہم جانتے ہیں کہ چنمن ہمارے لیے کتنا قیمتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ بے اولاد ہیں، چنمن ان کے لیے بیٹے جیسا ہے:’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جب ہم نہ رہیں تو بھی چنمن کی زندگی متاثر نہ ہو اور وہ ویسے ہی جیتا رہے جس طرح وہ اب زندگی گزار رہا ہے۔‘
اس بے اولاد جوڑے نے خاندان کی مرضی کے خلاف پسند کی شادی کی تھی جس پر انھیں خاندان سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔
براجیش سرواستوا اور ان کی بیوی بتاتے ہیں کہ جب 2004 میں انھوں نے چنمن کو گود لیا تو اس وقت وہ غریب تھے لیکن اس کے بعد وہ خوشحال ہو گئے۔
شمالی انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ان کا ایک گھر ہے اور اس کے علاوہ ان کے پاس زمین بھی ہے اور بچت بھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شبیستا ایک کامیاب وکیل ہیں جبکہ ان کے 48 سالہ شوہر کیبل ٹی وی اور فلور مل کے علاوہ کئی کاروبار چلا رہے ہیں اور اس سب کا وارث ان کے بعد ان کا پالتو بندر چنمن ہو گا۔
اس بے اولاد جوڑے کے گھر میں بندر کا ایئر کنڈیشن کمرہ ہے جس میں وہ اپنی ساتھی ’بٹی‘ کے ساتھ رہتا ہے
دونوں بندر چینی خوراک کھانا پسند کرتے ہیں اور پینے میں انھیں چائے اور آم کا جوس اچھا لگتا ہے۔
شبیستا بتاتی ہیں چنمن کی شادی کی سالگرہ پر وہ ہر سال سینکڑوں مہمانوں کو مدعو کرتی ہیں۔







