وزیراعظم مودی کے سوٹ کی بولی سوا کروڑ روپے

دور سے دیکھنے میں یہ سوٹ ایک عام نیلے رنگ کا دھاری دار سوٹ لگ رہا تھا لیکن تصاویر میں کلوزاپ سے ظاہر ہوا کے دھاریوں پر درحقیقت بار بار انگریزی میں نریندر مودی لکھا ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندور سے دیکھنے میں یہ سوٹ ایک عام نیلے رنگ کا دھاری دار سوٹ لگ رہا تھا لیکن تصاویر میں کلوزاپ سے ظاہر ہوا کے دھاریوں پر درحقیقت بار بار انگریزی میں نریندر مودی لکھا ہوا ہے

بھارت میں ایک تاجر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس مشہور سوٹ کو تقریباً دو لاکھ ڈالر میں خریدنے کی بولی دی ہے جس پر ان کا نام کڑھائی کیا ہوا ہے۔

بھارتی تاجر نے سوٹ کی قمیت ایک لاکھ 94 ہزار ڈالر لگائی ہے اور اس سوٹ کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سے ملک کے آلودہ ترین دریا گنگا کی صفائی کی جائے گی۔

وزیراعطم مودی نے دریا کی صفائی کا منصوبہ خود شروع کیا ہے اور حکام کو یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔

سوٹ کی نیلامی شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی کپڑے کے ایک تاجر راجیش جونیجہ نے اس کو ایک کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدنے کی پیشکش کی۔

سوٹ کی نیلامی جمعے کی شام تک جاری رہے گی تاہم ماہرین کے مطابق سوٹ پر 194000 ڈالر کی رقم سے زیادہ بولی لگنے کے امکان کم ہیں۔

بولی میں سوٹ کے ساتھ ساتھ نریندر مودی کو وزارتِ اعظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر ملنے والے 450 تحائف بھی نیلامی میں رکھے گئے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے اس خصوصی سوٹ کو صدر اوباما سے دہلی میں ملاقات کے دوران پہن رکھا تھا جس کی ہر دھاری میں اُن کا نام بار بار لکھا ہوا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وزیراعظم مودی کے دس لاکھ روپے مالیت کے اس سوٹ پر سخت تنقید کی گئی تھی۔

اس وقت حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جے رام رمیش نےنریندر مودی کو ’احساس برتری کا شکار‘ کہا تھا جبکہ سیاسی کارٹونسٹ منجول نے ایک کارٹون شائع کیا ہے جس میں ایک عام آدمی نریندر مودی سے ان کے سوٹ کے بارے میں سوال کر رہا ہے جس کی قمیص پر بھارت کے مسائل درج ہیں۔

مصنف کرشن پرتاب سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں نریندر مودی کے سوٹ کی قیمت پر تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ بھارت میں اس ہفتے آٹھ غریب کسانوں نے مفلسی کی وجہ سے خودکشی کر لی جبکہ وزیر اعظم اتنا مہنگا سوٹ پہنتے ہیں۔