اجمیر میں اوباما کی دھوم

،تصویر کا ذریعہAFP
برصغیر کی معروف بزرگ اور صوفی خواجہ معین الدین چشتی یا خواجہ غریب نواز کی درگاہ کے لیے مشہور شہر اجمیر اب سمارٹ ہونے جا رہا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ امریکی دورے کے دوران جن تین شہروں کو سمارٹ سٹی بنانے کا معاہدہ ہوا تھا اس میں اجمیر بھی شامل ہے۔
بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر کے باسی اس شہر کے سمارٹ ہونے کی خبر سے اس قدر خوش ہیں کہ شہر بھر میں صدر اوباما کے بڑے بڑے بینرز پوسٹرز لگ گئے ہیں۔ ان پوسٹرز اور بینرز میں اوباما کا ’تہہ دل سے شکریہ‘ ادا کیا گیا ہے۔
ہاں یہ بات دوسری ہے کہ اجمیر کے عام لوگ نہ تو اوباما کو پہچانتے ہیں اور نہ ہی سمارٹ شہر کیا ہوگا اس سے متعلق انہیں کچھ معلوم ہے۔
باون برس کے رکشہ ڈرائیورا بابو پوسٹر پر وزیراعظم نریندر مودی اور ریاستی وزیراعلی وسندھرا کا چہرہ تو پہچان لیتے ہیں لیکن اوباما کو دیکھ کر کہتے ہیں ’یہ شاید امریکہ کا کوئی شخص ہے جو اجمیر میں اپنی شناخت بنانا چاہتا ہے۔‘
اوباما اور اجمیر
22 سالہ مکیش مودی کے ساتھ اوباما کی تصویر دیکھ کر کہتے ہیں : ’یہ کوئی امریکی ہے جو مودی کی پارٹی سے انتخاب لڑنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اسی لیے پورے اجمیر بھر میں بڑے بڑے فوٹو لگوا دیے گئے ہیں۔‘
لیکن 40 برس کے ایک ہوم گارڈ سریش اوباما کو پہچانتے ہوئے کہتے ہیں ’یہ امریکہ کے نیتا جی ہیں جو یہاں آکر اجمیر کو سمارٹ سٹی بنائیں گے۔‘
سمارٹ سٹی سے ان کا مطلب ایسے شہر سے ہے جو صاف ستھرا ہو اور جس میں اچھی ملازمتیں ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجمیر میں اوباما کے پوسٹرز دیکھ کر 42 سال کے امر چندر کو لگتا ہے کہ اوباما اور مودی مل کر اجمیر کو صاف ستھرا شہر بنا دیں گے کیونکہ یہاں گندگی بہت ہے۔
مذہبی اعتبار سے اہمیت کے حامل اور سیاحت کے لیے معروف شہر ہونے کے باوجود اجمیر کا شمار گندے ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے بھارت کو صاف رکھنے کی مہم باوجود شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔
اجمیر کے شہریوں میں جوش
شہر کے سب سے اہم مقامات میں سے ایک مغلیہ دور کی ایک بارادري ہے جس کے پارک میں بنے بیت الخلاء برسوں سے بند پڑے ہیں اور لوگوں کو کھلے میں ہی رفع حاجت کرنا پڑ تا ہے۔ لیکن اب سمارٹ سٹی کی خبر سے لوگ پر جوش اور خوش ہیں۔
ریاست میں حکمراں جماعت بی جے پی کے ضلعی صدر اروند یادو کہتے ہیں کہ شہر میں ان پوسٹرز اور بینرز کو پرجوش کارکنان نے اوباما اور نریندر مودی کے اعزاز میں لگایا ہے۔
پوسٹر لگوانے والے محکمے ’شہری ترقی اتھارٹی‘ کے سابق صدر دھرمیش جین کہتے ہیں ’ہم اجمیر کو ایک صاف ستھرا شہر بنائے جانے کے تصور سے ہی خوش ہیں اور مودی و صدر اوباما کا شکریہ کرنا چاہتے ہیں۔‘







