چین : سیاحوں کی بس کے حادثے میں 44 ہلاک

چین میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنچین میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق تبت میں بس کے حادثے میں کم از کم 44 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں۔

چینی خبر رساں ادارے ژن ہوا کے مطابق بس میں چینی سیاح سوار تھے اور کھائی میں گرنے سے پہلے بس دیگر دو گاڑیوں سے ٹکرائی۔

مقامی حکام کے مطابق حادثہ تبت کے دارالحکومت لاسا سے 120 کلومیٹر دور نیمو کے مقام پر پیش آیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی پر جاری کی جانے والی تصاویر میں امدادی کارکن ایک الٹی ہوئی بس سے لاشیں نکالتے نظر آتے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مسافر بس میں 50 افراد سوار تھے۔

اے ایف پی کے مطابق مسافر بس کی زد میں آنے والی دوسری گاڑی میں سوار پانچ افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پہاڑی علاقے تبت میں سڑکوں کی خراب حالت کے باوجود گذشتہ کچھ عرصے سے سیاحت میں اضافہ ہوا ہے۔

چین میں سڑک کے حادثات ایک بڑا مسئلہ ہے جس میں ہر سال بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوتی ہیں۔

صحت کے عالمی ادارے ڈبلیو ایچ او کے مطابق بڑے ممالک میں چین کی سڑکیں سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ ادارے کے مطابق چین میں حادثات کی یہ شرح روس اور بھارت سے بھی زیادہ ہے۔