رمضان یا رمدان!

،تصویر کا ذریعہReuters
پیر سے بھارت میں مسلمانوں نے روزے رکھنے شروع کر دیے ہیں لیکن سوشل میڈیا میں ایک بار پھر اس بات پر بحث چھڑ گئی ہے کہ اس مقدس مہینے کو رمضان کہا جائے یا رمدان۔
بھارت میں پہلے تو اسے رمضان کہا جاتا تھا، لیکن گذشتہ کچھ سال سے کچھ لوگ اسے رمدان کہنے لگے ہیں آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
انڈین کونسل فار ورلڈ افيئرز میں سینیئر ریسرچ فیلو ڈاکٹرفضل الرحمان کہتے ہیں کہ یہ صرف تلفظ کا فرق ہے۔
ان کے مطابق، ’عربی زبان میں ’ض‘ کا تلفظ انگریزی کے زیڈ کے بجائے کے بجائے ڈی ایچ کے مشترک ہوتا ہے۔ اس لیے عربی میں اسے رمضان (رمدان ) کہتے ہیں جبکہ اردو میں عام طور پر رمضان کہتے ہیں‘۔
سوال یہ ہے کہ آخر گزشتہ کچھ سالوں سے ہی یہ فرق کیوں نظر رہا ہے۔
ڈاکٹر رحمان کہتے ہیں کہ یہ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ثقافتی تعلقات کا نتیجہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ان کے مطابق بھارت سے اب زیادہ سے زیادہ لوگ سعودی عرب جا رہے ہیں اور وہاں سے واپس آنے کے بعد وہاں کی بول چال، پوشاکوں اور وہاں کا رہن سہن بھارت میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اجمیر میں خواجہ غریب نواز کی درگاہ کے گدي نشين سید سرور چشتی بھی کہتے ہیں کہ یہ صرف عربی اور اردو زبان کے کچھ حروف کے تلفظ کا فرق ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے مطابق بھارت برصغیر میں تو رمضان ہی کہا جاتا رہا ہے لیکن انہوں نے بھی تسلیم کیا کہ گذشتہ چند سال میں رمضان لفظ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔
سرور چشتی کہتے ہیں، ’بھارت اور سعودی عرب کے بڑھتے تعلقات اور بھارت میں مدارس کے ذریعہ سعودی عرب کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے ایسا ہو رہا ہے‘۔
یہ بحث نہ صرف بھارت میں بلکہ پاکستان میں بھی چھڑی ہوئی ہے۔
پاکستان کے مشہور کارٹونسٹ صابر نذر نے ایک کارٹون بنایا ہے، جس میں عربی لباس میں ایک آدمی طوطے کو سکھا رہا ہے کہ یہ رمضان ہے، رمدان نہیں۔







