’آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والوں کا دور آیا ہے‘

نریندر مودی نے وڈودرا انتخابی حلقے سے کانگریس کے امیدوار کو پانچ لاکھ 70 ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشننریندر مودی نے وڈودرا انتخابی حلقے سے کانگریس کے امیدوار کو پانچ لاکھ 70 ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے

بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی نےگجرات کے شہر وڈودرا میں جیت کے بعد عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب خالص غیرکانگریسی حکومت آئی ہے۔

انھوں نے کہا: ’یہ انتخابات کئی طور پر اہمیت کا حامل ہے۔ ملک کے آزاد ہونے کے بعد زیادہ تر کانگریس کی حکومت رہی ہے اور اگر غیر کانگریسی حکومت آئی بھی ہے تو وہ کئی پارٹیوں کے اتحاد کی حکومت رہی ہے۔ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار خالص طور پر غیر کانگریسی حکومت آئی ہے۔‘

نریندر مودی نے اپنی جیت پر تقریر کرتے ہوئے کہا: ’وڈودرا نے مجھے ریکارڈ ووٹوں سے فتح یاب کراکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔‘

انھوں نے وارانسی کے بارے میں کہا کہ وارانسی کے ووٹرز نے ان کی خاموشی پر مہر لگا کر انھیں فتح یاب کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا: ’اب تک ملک میں انتخابات کی قیادت ان لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں تھی جو آزاد ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ جب انتخابات کی قیادت آزادی کے بعد پیدا ہونے والے رہنماؤں کے ہاتھوں میں تھی۔ خواہ وہ کانگریس ہو یا پھر بی جے پی۔ اب ملک آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والے افراد کی قیادت میں چلے گا۔‘

انھوں نے کہا: ’بھارت کی جنتا نے آج ٹریپل سنچری بنائی ہے، اس نے این ڈی اے کو 300 سے زیادہ سیٹ دی ہے۔‘

واضح رہے کہ راجستھان کی 25 میں سے 25 سیٹیں بھی بی جے پی کے حصے میں آئی ہیں۔ ہماچل پردیش کی چاروں سیٹیں اور اتراکھنڈ ریاست کی تمام پانچ سیٹیں بھی بی جے پی کے حق میں آئی ہیں۔

مودی نے ریاست گجرات کے وڈودرا میں خطاب کرتے ہوئے کہا ’سب کا ساتھ سب کا وکاس (ترقی)۔‘