افغانستان میں صدارتی انتخاب، دوسرے مرحلے میں

افغانستان میں صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرنے کے بعد اب ملک میں انتخابات کا دوسرے مرحلے کا انعقاد ہوگا۔
پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدوار عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی اب اس مرحلے میں مدِ مقابل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں عبداللہ عبداللہ نے 45 فیصد اور اشرف غنی 31.6 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ دیگر امیدوار انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے عبداللہ عبداللہ کے اہم مخالف زلمے رسول نے ان کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا جس سے عبداللہ عبداللہ کی مہم کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان سے بین الاقوامی افواج 2014 کے اختتام تک انخلا کر رہی ہیں۔
انتخابات کا دوسرا مرحلہ 14 جون کو منعقد ہوگا۔
پہلے مرحلے کے نتائج شکایات کے ایک طویل عمل کے بعد جاری کیے گئے ہیں اور اس میں ہزاروں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی تھی۔ تاہم اس سے دونوں اہم امیدواروں کی پوزیشن پر فرق نہیں پڑا۔
کابل سے بی بی سی کے ڈیوڈ لیون کا کہنا ہے کہ عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی دونوں سابق وزرا ہیں اور افغانستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی معروف ہیں۔
عبداللہ عبداللہ کا دعویٰ ہے کہ اگر پہلے مرحلے کی شکایات کی صحیح جانچ پڑتال کی جاتی تو وہ 50 سے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب ہو جاتے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پانچ اپریل کو ہونے والے انتخابات میں لاکھوں افغان شہریوں نے طالبان کی دھمکیوں کے باوجود ووٹ ڈالے۔
طالبان انتخابات کے پہلے مرحلے میں زیادہ اثر انداز نہیں ہو سکے، تاہم ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ’لڑائی کے موسم‘ کے آنے اور گرم تر موسم کی وجہ سے دوسرے مرحلے میں سکیورٹی کے مسائل زیادہ ہو سکتے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے صدر کو افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کے خطرے کا سامنا ہوگا۔







