سنکیانگ: ریلوے سٹیشن پر دھماکہ، تین ہلاک

پچھلے کچھ عرصے سے سنکیانگ میں کئی پرتشدد کارروائیاں ہو چکی ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپچھلے کچھ عرصے سے سنکیانگ میں کئی پرتشدد کارروائیاں ہو چکی ہیں

چین میں حکام اور سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کے مغربی سنکیانگ علاقے میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے میں تین افراد ہلاک اور 79 زخمی ہوئے ہیں۔

اورمچي کے جنوبی ریلوے سٹیشن پر بدھ کی شام کو ہونے والے اس دھماکے کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ ’صورتحال کنٹرول میں‘ ہے۔

پچھلے کچھ عرصے سے سنکیانگ میں کئی پرتشدد کارروائیاں ہو چکی ہیں۔

سنکیانگ میں مقامی حکومت کی نیوز پورٹل پر دی گئی معلومات میں کہا گیا ہے ’30 اپریل کی شام تقریباً 7.10 بجے مسافروں کے باہر نکلنے کے راستے پر دھماکہ اس وقت ہوا جب ٹرینوں کی آمد ہوئی۔ اس دھماکے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

عینی شاہدین نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دھماکہ شاید اس سامان کے پاس ہوا جو سٹیشن اور بس سٹاپ کے راستے کے درمیان میں چھوڑا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر بھی اس دھماکے کی کچھ تصاویر آئی ہیں جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ ان تصاویر میں دھماکے کے بعد سوٹ کیس اور ملبہ پھیلا ہوا تھا۔