عام آدمی پارٹی کے رہنما جیل سے انتخاب لڑیں گے

اتر کھنڈ میں نینی تال کی لوک سبھا کی نسشت سے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار بلی سنگھ چیمہ نے اپنی گرفتاري کے بعد ضمانت پر باہر آنے سے انکار کر دیا ہے۔
ریاست میں عام آدمی پارٹی کے انتخابات کے رابطہ کار ایس ایس بشٹ نے اس واقعے کے بارے میں بی بی سی کو بتایا کہ 19 اپریل کو چیمہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ الیکشن مہم چلا رہے تھے کہ بی جے پی کے کچھ لوگوں نے ان پر لاٹھیوں سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔
20 اپریل کو پولیس کے ایک اہلکار نے انتخابی مہم کے دوران چیمہ کی گاڑی کو روک کر گاڑی کے کاغذات مانگے۔ ڈرائیور نے کاغذات دکھائے، اس کے باوجود بھی ان کی گاڑی ضبط کر لی گئی۔
بشٹ کا کہنا ہے کہ اگلے روز چیمہ نے جب ضلعی الیکشن افسر سے اس کی شکایت کی تو انھوں نے گاڑی واپس کرنے کا حکم دیا، لیکن اس حکم کے باوجود پولیس نے گاڑی نہیں چھوڑی جس کے خلاف چیمہ دھرنے پر بیٹھ گئے اور پولیس نے انھیں گرفتار کر لیا۔
بشٹ کا دعویٰ ہے کہ چیمہ کی گرفتاري غیر آئینی ہے، اس لیے انھوں نے اپنی ضمانت کی درخواست نہیں دی ہے اور وہ جیل ہی سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔
بشٹ کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے سے عام آدمی پارٹی کے اعلیٰ لیڈروں کو آگاہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی سطح کے لیڈروں کو اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑنی چاہیے۔



