ہیما مالنی کو مندر میں جلسہ کرنا مہنگا پڑ گیا

ہیما مالنی کے خلاف پہلے بھی مقررہ تعداد سے زیادہ گاڑیاں استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج ہو چکی ہے
،تصویر کا کیپشنہیما مالنی کے خلاف پہلے بھی مقررہ تعداد سے زیادہ گاڑیاں استعمال کرنے پر ایف آئی آر درج ہو چکی ہے

انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بالی وڈ کی ماضی کی ڈریم گرل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار ہیما مالنی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ہیما مالنی بھارتی ریاست اتر پردیش میں متھرا کے حلقے سے لوک سبھا کی نشست پر بی جے پی کی امیدوار ہیں۔

انھوں نے سری جا بابا سرسوتی مندر میں سکول کے اوقات میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا جس میں سکول کے بچے بھی شامل تھے۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے مقامی اہلکار دھریندرا سچن کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیما مالنی کے خلاف آیف آئی آر ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر درج کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ انتخابی جلسے کا اجازت نامہ حاصل کیا گیا تھا تاہم جلسے کی جگہ کے بارے میں وضاحت نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی یہ بتایاگیا تھا کہ اس جلسے میں سکول کے بچے بھی شامل ہوں گے۔

دھریندرا سچن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطۂ اخلاق کے تحت سکول کے اوقات میں سکول کے اندر جلسہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہیما مالنی نے جلسے سے لاؤڈ سپیکر سے خطاب کیا جبکہ جلسے کے لیے عمارت پر پارٹی کے بینر اور جھنڈے بھی آویزاں کیے گئے۔

اس سے پہلے ہیما مالنی کے خلاف مقررہ تعداد سے زیادہ گاڑیاں استعمال کرنے اور اصل انتخابی اخراجات چھپانے پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔