پرینکا کی تردید، الیکشن لڑنے کا ارادہ نہیں

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناگر پرینکا گاندھی میدان میں اترتیں تو نریندر مودی کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی تھیں: مبصرین
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بھارت میں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ بنارس سے بی جے پی کے لیڈر نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑنا چاہتی تھیں۔

یہ قیاس آرائی ٹائمز آف انڈیا کی اس خبر سے شروع ہوئی تھی کہ پرینکا گاندھی وڈرا بنارس سے الیکشن لڑنے کے حق میں تھیں کیونکہ ان کے خیال میں نریندر مودی کو وزیراعظم بننے سے روکا جانا ضروری ہے۔

لیکن خود پرینکا گاندھی نے امیٹھی میں کہا کہ ان کے بھائی شوہر اور والدہ انھیں الیکشن لڑنے سے کبھی نہیں روکیں گے۔ ان کے مطابق خود راہل گاندھی نے ان سے کئی مرتبہ کہا ہےکہ وہ الیکشن لڑیں لیکن وہ خود انتخابی میدان میں اترنا نہیں چاہتی ہیں۔

اخبار کا دعویٰ ہےکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس تجویز کے حق میں نہیں تھی کیونکہ اس سے توجہ راہل گاندھی سے ہٹ کر پرینکا پر مرکوز ہو جاتی۔

لیکن کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ ایسی کوئی تجویز نہیں تھی اور پرینکا گاندھی اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود ہی کریں گی۔

ٹائمز آف انڈیا نے پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہےکہ پرینکا گاندھی مانتی ہیں کہ نریندر مودی کا وزیر اعظم بننا ملک کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔ اخبار کے مطابق پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کا یہ خیال بھی تھا کہ اگر وہ نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑتی ہیں تو ان کے شوہر رابرٹ وڈرا کے خلاف زمینوں کی خرید وفروخت میں مبینہ بے ضابطیگوں کے الزامات پھر شدت اختیار کر لیں گے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شکست کے امکان کی وجہ سے کانگریس بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

لیکن مبصرین اور کئی غیر کانگریسی رہنماؤں کا خیال ہے کہ اگر پرینکا گاندھی میدان میں اترتیں تو نریندر مودی کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی تھیں کیونکہ وہ ایک انتہائی پرکشش شخصیت کی مالک ہیں۔

پرینکا گاندھی امیٹھی اور رائے بریلی میں راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کی انتخابی مہم سنبھالتی ہیں لیکن پارٹی کی تردید کے باوجود یہ قیاس آرائی آسانی سے ختم نہیں ہوگی کہ وہ جلدی ہی سرگرم سیاست میں قدم رکھ سکتی ہیں۔