سونیا گاندھی کے پاس کتنی جائیداد ہے؟

گذشتہ پانچ سال میں جائیداد میں چھ گنا کا اضافہ دکھایا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنگذشتہ پانچ سال میں جائیداد میں چھ گنا کا اضافہ دکھایا گيا ہے

بھارت کی برسراقتدار سیاسی جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے پاس 9 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زیادہ کی جائیداد ہے لیکن ان کے نام ایک بھی کار نہیں ہے۔

اتر پردیش کے رائے بریلی انتخابی حلقے میں بدھ کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران سونیا گاندھی نے جو حلف نامہ پیش کیا ہے اس میں یہ معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت جو حلف نامہ داخل کیا گیا اس کے مطابق سونیا گاندھی کے پاس 2 کروڑ 81 لاکھ روپے کی منقولہ اور 6 کروڑ 47 لاکھ روپے کی غیر منقولہ جائیداد ہے۔

گذشتہ انتخابات کے وقت انھوں نے اپنی جائیداد کے بارے میں جو حلف نامہ دائر کیا تھا اگر اس سے حالیہ حلف نامے کا تقابل کیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ ان کی جائیداد میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔

کانگریس ذرائع کے مطابق سونیا گاندھی کی جائیداد میں چھ گنا اضافے کی وجہ یہ ہے کہ پچھلی بار جائیداد کا اندازہ ’اسیٹ ویلیو‘ کی بنیاد پر کیا گیا تھا جبکہ اس بار یہ اندازہ ’مارکیٹ ویلیو‘ کی بنیاد پر کیا گيا ہے۔

جائیداد کی تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سونیا گاندھی نے اپنے بیٹے راہل گاندھی کو 9 لاکھ روپے قرض کے طور پر دیا ہے۔ سنہ 2012-13 کی مدت کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن کے طور پر انھوں نے اپنی آمدنی 14 لاکھ 21 ہزار روپے دکھائی تھی۔

حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ انھوں اپنے بیٹے راہل گاندھی کو قرض بھی دیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنحلف نامے میں کہا گیا ہے کہ انھوں اپنے بیٹے راہل گاندھی کو قرض بھی دیا ہے

منقولہ جائیداد میں سونیا گاندھی کے پاس 85 ہزار روپے نقد، بینک میں 66 لاکھ روپے، ایک لاکھ 90 ہزار کے حصص اور 10 لاکھ کے بانڈز شامل ہیں۔

ان کے پاس 82 لاکھ 20 ہزار کے ميوچل فنڈ، 42 لاکھ 49 ہزار روپے کا پي پی ایف، 2 لاکھ 86 ہزار کی نیشنل بچت سکیم اور 62 لاکھ روپے کے زیورات موجود ہیں۔

حلف نامے کے مطابق اٹلی میں ڈیراماڈي گاؤں میں چار کروڑ 86 لاکھ کی قیمت کی زمین اور سلطان پور گاؤں میں ایک کروڑ 40 لاکھ کی زمین کے علاوہ ان کے پاس 19 لاکھ 90 ہزار روپے کی آبائی جائیداد بھی ہے۔

سنہ 2009 میں سونیا گاندھی نے اپنی جائیداد کی تفصیل میں ایک کروڑ 37 لاکھ سے زیادہ قیمت کی جائیداد کا اعلان کیا تھا۔