’ساس جو کبھی بہو تھی، انتخابی میدان میں

،تصویر کا ذریعہsmriti irani facebook page
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے لوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور نائب صدر راہل گاندھی کے خلاف اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
کانگریس کے گڑھ اور راہل گاندھی کے پارلیمانی علاقے امیٹھی میں بی جے پی نے اپنے امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا ممبر اور سابق ٹی وی آرٹسٹ سمرتی ایرانی کو میدان میں اتارا ہے۔
بی جے پی کے امیدوار اجے اگروال کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی کے خلاف رائے بریلی سے انتخاب لڑیں گے۔
اس بات کا اعلان بی جے پی نے پیر کی رات گئے جاری ہونے والی ایک فہرست میں کیا۔
بی جے پی نے اس فہرست میں اترپردیش اور تمل ناڈو کی پانچ نشستوں کے لیے بھی اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔
بی جے پی نے اس فہرست میں اتر پردیش کی بادا سیٹ سے بھےرو پرساد مشرا کے نام کا اعلان کیا ہے جب کہ تمل ناڈو کی وے للور لوک سبھا سیٹ سے نیو جسٹس پارٹی کے بانی اے سی شنمگم کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
تھجاوور سیٹ سے ریاست کے پارٹی جنرل سیکریٹری كرپپا ایم مرگنتھم کو لوک سبھا کا ٹکٹ دیا گیا ہے۔
پارٹی کی مرکزی انتخاب کمیٹی کا پیر کو بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں اجلاس ہوا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس اجلاس میں پارٹی کے سینیئر لیڈر ایل کے اڈوانی، ایم وینکیا نائیڈو، سابق پارٹی صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارون جیٹلی سمیت بی جے پی کی مرکزی انتخاب کمیٹی کے تمام ارکان شامل تھے۔
بی جے پی میں پہلے ہی نئے ارکان کو لوک سبھا ٹکٹ دیےجانے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
جدیو سے راجیہ سبھا ممبر پارلیمان صابر علی کو پارٹی میں شامل کرنے کے صرف 24 گھنٹے بعد ہی ان کی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔
ان سے پہلے راشٹریہ جنتا دل لیڈر رام کرپال یادو، انڈین جسٹس پارٹی لیڈر ادت راج بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ستپال شیف اور جگدبكا پال جیسے لیڈر کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔







