دہلی کے شہریوں کے لیے ’مفت پانی‘ کی فراہمی

بھارت کے دارالحکومت دہلی کے واٹر بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم جنوری 2014 سے ہر خاندان کو ہر ماہ 20 کلو ليٹر یعنی قریب 20،000 لیٹر پانی مفت فراہم کرائے گا۔
دہلی واٹر بورڈ کے سربراہ جے کمار نے کہا ’دہلی واٹر بورڈ کے ایک اجلاس میں جو وزیر اعلیٰ صاحب کی صدارت میں ہو اس میں ایک اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ جو ہمارے گھریلو صارفین ہیں جو ہر ماہ 20 كلو ليٹر سے کم پانی استعمال کرتے ہیں اور جن کے میٹر کام کر رہے ہیں انہیں ایک جنوری 2014 سے یہ سہولت دی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا ’پانی کی بچت کو فروغ دینے کے لئے ایسے صارفین جو ہر ماہ 20 كلو ليٹر سے زیادہ پانی کا استعمال کریں گے انہیں پورے پانی کا بل بھرنا ہوگا۔‘
اس کے علاوہ گزشتہ بل ادا کرنے میں چھوٹ دینے کے لئے جو اسکیم نافذ کی گئی تھی، اسے 31 مارچ 2014 تک بڑھایا جا رہا ہے۔
دہلی میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں مفت پانی کی سپلائی ایک اہم مسئلہ تھا۔
اہم وعدہ

عام آدمی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں یہ وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے پر وہ روز ہر خاندان کو 700 لیٹر پانی مفت فراہم کرائے گی۔
20،000 لیٹر پانی ہر خاندان کو دینے سے یہ حساب تقریبا ساڑھے چھ سو لیٹر یومیہ بنتا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس نے ان خبروں کو غلط بتایا کہ یہ مفت پانی صرف تین ماہ ہی ملے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ ’ایسی کوئی وقت کی حد نہیں ہے پانی مسلسل ملے گا۔‘
وہیں کانگریس کے ترجمان اور مشرقی دہلی کے ممبر پارلیمان سندیپ دکشت نے حکومت کے دعوے پر سوال اٹھائے ہیں۔
سندیپ دکشت نے کہا کہ ’سوال یہ ہے کہ کیا سب کو 700 لیٹر مل پائے گا؟‘







