آندھرادپریش:ہڑتالی ملازمین سے مذاکرات ناکام، چھٹے دن بھی بجلی غائب

بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے قیام خلاف ہڑتال کرنے والے محکمۂ بجلی کے ملازمین اور حکام کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور ریاست کے بیشتر عوام چھٹے دن بھی بجلی سے محروم ہیں۔
بھارتی کابینہ نے چند روز قبل ملک میں انتیسویں ریاست تیلنگانہ کے قیام کی منظوری دی تھی جس کے بعد آندھرا پردیش اب دو ریاستوں تیلنگانہ اور سیماندھرا میں تقسیم ہو جائے گی۔
اس فیصلے کے خلاف ریاست میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بجلی کے محکمے کے ارکان کی ہڑتال سے ریل اور فضائی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ ہسپتالوں اور ہنگامی امداد کے اداروں کو جنریٹرز پر گزارا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس کے علاوہ پانی کی فراہمی اور موبائل فون سروس پر بھی بجلی کی اس بندش کا اثر پڑا ہے۔
ریاست کے وزیرِاعلیٰ کرن کمار ریڈی نے منگل کی شب ہڑتالی کارکنوں سے مذاکرات میں غیرمعینہ مدت کی ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی جسے کارکنوں نے مسترد کر دیا۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق کارکنوں کے رہنما سائے بابو کا کہنا تھا کہ ’ہم ہنگامی امداد کے اداروں کو بھی اس ہڑتال سے استثنیٰ نہیں دیں گے۔‘
اطلاعات کے مطابق اس ہڑتال میں بجلی کے محکمے کے تیس ہزار ملازمین شریک ہیں اور اس سے ریاست میں بجلی کی نصف پیداوار متاثر ہوئی ہے اور ریاست کے تیرہ اضلاع کو بجلی کی طویل بندش کا سامنا ہے۔
بجلی کے محکمے کے علاوہ آندھرا پردیش میں متعدد سرکاری محکمے اور بینک بھی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے بند ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آندھرا پردیش کے عوام کا ایک بڑا حصہ ریاست کی تقسیم کے خلاف ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ تیلگو زبان بولنے والوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ عوام کو ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کی تقسیم پر بھی اعتراض ہے۔
خیال رہے کہ تیلنگانہ حیدرآباد کے آس پاس والے دس اضلاع پر مشتمل ہوگی لیکن حیدرآباد آئندہ دس برس کے لیے دونوں نئی ریاستوں تیلنگانہ اور سیماندھرا کا مشترکہ دارالحکومت رہے گا۔







