آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
آرین خان کو گرفتار کرنے والے سمیر وانکھیڑے پر جعلی کیس بنا کر کروڑوں وصول کرنے کے الزامات
انڈین ریاست مہاراشٹر کی حکومت کے وزیر نواب ملک نے منگل کو ایک بار پھر آرین خان کو گرفتار کرنے والے نیشنل نارکوٹس بیورو یعنی این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے پر الزامات لگائے ہیں۔
نواب ملک نے سمیر وانکھیڑے اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ دیویندر فڈنوس پر الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دونوں مل کر منشیات کے فرضی کیس بنا کر کروڑوں روپے اینٹھتے ہیں۔
سمیر وانکھیڑے نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرگ مافیا انہیں اور ان کے خاندان کو پھنسانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ممبئی میں منشیات کے حوالے سے ایک کروز شپ پر چھاپے میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور دیگر افراد کی گرفتاری کے بعد سے نواب ملک نارکوٹکس کنٹرول بیورو پر فرضی کیس بنانے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔
اس معاملے میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سمیت آٹھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ آریان خان، ارباز مرچنٹ اور منمون دھمیچا کو گرفتاری کے تقریباً ایک ماہ بعد عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔
نواب ملک این سی بی کے سربراہ سمیر وانکھیڑے پر منشیات کے فرضی کیس بنانے، بھتہ خوری اور بڑے ڈرگ پیڈلرز کو چھوڑنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ وانکھیڑے نے سسٹم کا فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی ذات سے متعلق غلط معلومات دی ہیں۔
تاہم سمیر وانکھیڑے اور ان کی اہلیہ ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
نواب ملک کے الزامات
منگل کو ایک پریس کانفرنس میں نواب ملک نے کہا 'جب وانکھیڑے اس محکمے میں آئے تو انہوں نے اپنی ایک پرائیویٹ فوج تیار کی۔ اس میں کرن گوساوی، منیش بھانوشالی، فلیچر پٹیل، عادل عثمانی، سیم ڈیسوزا اور ایلو پٹھان شامل تھے۔ یہ پرائیویٹ فوج شہر میں دھڑلے سے منشیات کا دھندہ بھی کرتی ہے۔ چھوٹے چھوٹے کیس سامنے آتے ہیں، لوگوں کو پھنسایا جاتا ہے، اور بڑے کیس چلتے رہتے ہیں'۔
نواب ملک نے اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس وانکھیڑے کے دور میں درج کیا گیا تھا جس میں مشہور شخصیات کو تحقیقات کے لیے بلایا گیا تھا۔
انہوں نے سوال کیا کہ 'ایک سال سے اس معاملے میں کچھ کیوں نہیں ہو رہا۔ اس معاملے میں ہزاروں کروڑ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ یہ وصولی مالدیپ اور دبئی میں ہوئی ہے۔ وانکھیڑے مالدیپ گئے تھے اور ان کی بہن دبئی گئی تھیں۔'
سمیر وانکھیڑے کی بہن یاسمین وانکھیڑے مشہور کرمنل ایڈووکیٹ ہیں اور آرین خان کی گرفتاری کے بعد سے ان کا نام بھی میڈیا میں آرہا ہے۔
نواب ملک نے سمیر وانکھیڑے پر مہنگے کپڑے پہننے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ’ایک ایماندار افسر ایسے کپڑے نہیں پہن سکتا۔‘
انہوں نے کہا 'کسی بھی افسر کی قمیض پانچ سو روپے سے لیکر ایک ہزار روپے سے زیادہ کی نہیں ہوتی لیکن سمیر وانکھیڑے کی ایک ایک شرٹ کی قیمت 70 ہزار روپے کیوں ہے؟ وہ روز نئے کپڑے پہن کر کیوں آتے ہیں؟ وانکھیڑے تو مودی صاحب سے بھی آگے نکل گئے۔ ان کی پتلون ایک لاکھ روپے کی، بیلٹ دو لاکھ روپے کی، جوتا ڈھائی لاکھ کا، گھڑی پچاس لاکھ کی۔ جس طرح کے کپڑے انہوں نے ان تمام دنوں میں پہنے ہیں ان کی قیمت پانچ سے دس کروڑ روپے ہوگی'۔
نواب ملک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ'مہاراشٹر کے جے این پی ٹی بندرگاہ پر 15 دنوں سے 51 ٹن پوپی سیڈ پڑا ہے، اس بارے میں ہم ریونیو انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ سے جواب چاہتے ہیں کہ آپ نے اتنے دنوں میں اس معاملے میں مقدمہ درج کیوں نہیں کیا؟'
ان کا مزید کہنا تھا 'وانکھیڑے کے ذریعے ہزاروں کروڑ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کے معاملے میں ایک گواہ سائل کا جو بیان ہے کہ 18 کروڑ کی ڈیل میں وانکھیڑے کے لیے آٹھ کروڑ مانگے گئے تھے، سیم ڈی سوزا سامنے آئے ہیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ اس طرح کی ایک ڈیل تھی تاہم انہیں سکھا پڑھا کر بھیجا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میں این سی بی کے لوگ ملوث نہیں تھے'۔
سمیر وانکھیڑے کی وضاحت
نواب ملک کی پریس کانفرنس کے بعد سمیر وانکھیڑے نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو غلط قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا 'ہمیں پھنسانے والے لوگوں نے ممبئی پولیس میں ہمارے خلاف جھوٹی شکایت درج کروائی تھی جس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اس کے بعد منشیات فروشوں نے میرے خاندان کو پھنسانے کی کوشش کی، ایسی کوششیں جاری ہیں، ان کے پیچھے ایک ڈرگ مافیا ہے'۔
یہ بھی پڑھیے
ان کا کہنا تھا 'سلمان نامی ایک منشیات فروش نے میری بہن سے رابطہ کیا تھا لیکن وہ این ڈی پی ایس کیس نہیں لے رہی تھی اس لیے انہوں نے اسے واپس بھیج دیا۔ سلمان نے ہمیں ایک شخص کے ذریعے پھنسانے کی کوشش کی تھی، وہ گرفتار ہو چکا ہے اور اب جیل میں ہے۔ اسی کے واٹس ایپ چیٹ کے ذریعے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں'۔
مہنگے کپڑوں کے بارے میں، وانکھیڑے نے کہا 'جہاں تک میرے مہنگے کپڑے پہننے کی بات ہے تو یہ صرف ایک افواہ ہے۔ انہیں اس بارے میں کچھ نہیں معلوم اس لیے پہلے معلومات جمع کریں پھر بات کریں'۔
سمیر وانکھیڑے کی اہلیہ کرانتی وانکھیڑے نے بھی اپنی جائیداد کا دفاع کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ 'سمیر کی تمام جائیداد ان کی والدہ کی بنائی ہوئی ہے، اس وقت جب وہ زندہ تھیں، جس کی مالیت پچاس سے سو کروڑ ہے۔ اور یہ سب کچھ 15 سال کی عمر سے سمیر کے پاس ہے۔ ضابطے کے مطابق تمام دستاویز ہر سال حکومت کو سونپے جاتے ہیں۔ یہ سب کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے۔ ساون کے اندھے کو ہرا ہرا ہی دکھائی دیتا ہے'۔
انڈر ورلڈ سے تعلقات پر نواب ملک کا جواب
اس سے پہلے پیر کو نواب ملک نے دیویندر فڈنوس پر جے دیپ رانا نامی منشیات فروش کے ساتھ تعلقات کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دیویندر فڈنوس کے منشیات فروشوں کے ساتھ تعلقات ہیں اور گوا اور مہاراشٹر میں کھلے عام منشیات کا کاروبار ہو رہا ہے۔
انہوں نے دیویندر فڈنوس اور ان کی اہلیہ کی جے دیپ رانا کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
دیویندر فڈنوس نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایک تصویر کی وجہ سے بی جے پی کا تعلق منشیات کے کاروبار سے ہو سکتا ہے تو نواب ملک کے داماد کے گھر سے گانجہ ملنے پر پوری نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونا چاہیے۔
ساتھ ہی فڈنوس نے نواب ملک پر انڈر ورلڈ سے روابط کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ وہ دیوالی کے بعد راز فاش کریں گے۔
نواب ملک نے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے کوئی بھی الزام ہوا میں نہیں لگایا، کل دیویندر جی نے کہا تھا کہ نواب ملک کے داماد کے گھر سے گانجہ برآمد ہوا ہے تو دیویندر جی وانکھیڑے آپ کے سب سے قریبی دوست ہیں ان سے پنچنامہ منگوا لیجیے ثابت ہو جائے گا کہ نواب ملک کے داماد کے گھر سے کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔‘
انہوں نے انڈر ورلڈ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کہا کہ ’دیویندر جی نے کہا کہ میرے انڈر ورلڈ سے تعلقات ہیں اور وہ دیوالی کے بعد بم پھوڑیں گے، انہیں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میں پوچھتا ہوں کہ اگر آپ کو انڈر ورلڈ سے میرے تعلقات کا علم تھا تو آپ کے دفتر نے میرے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی، آپ خاموش کیوں رہے؟‘