انس حقانی کی کرکٹ کپتان کے ساتھ تصویر، طالبان کی اپنی ساکھ بدلنے کی کوشش؟

طالبان نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے بلے باز کے ساتھ تصویر کے ذریعے بظاہر اپنی کھیلوں کے مخالف ہونے کی ساکھ بدلنے کی کوشش کی ہے۔

یہ تصویر طالبان کے عربی زبان کے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے۔

ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’اسلامی امارات کے سیاسی بیورو کے رکن انس حقانی نے کابل میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سے ملاقات کی ہے۔ انھوں نے مستقبل کے پروگراموں، کارکردگی اور ٹیم کے معیار کو بہتر بنانے پر بات چیت کی ہے۔‘

اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کپتان اور بلے باز کا نام نہیں لکھا گیا ہے لیکن مقامی میڈیا کے مطابق وہ حشمت اللہ شاہدی ہیں۔

طالبان کے گذشتہ دور حکومت 1996 سے 2001 کے دوران طالبان نے کھیلوں پر سخت پابندیاں عائد کی تھیں۔

افغانستان کے کرکٹ بورڈ نے چند روز پہلے کہا تھا کہ انھیں خدشہ ہے کہ طالبان حکام خواتین کی کرکٹ ٹیم بنانے سے متعلق منصوبے پر پابندی لگا دیں گے۔

15 اگست کو کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے بین الاقومی سطح پر ملک سے خواتین کھلاڑیوں کو نکالنے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔

حالیہ دنوں میں طالبان کی یہ کوشش رہی ہے کہ وہ ایسا تاثر دے سکیں کہ افغانستان میں زندگی معمول کو لوٹ رہی ہے۔