انڈیا میں پٹڑی پر سوئے مزدوروں کو ٹرین نے کچل دیا، 16 ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں مال گاڑی کی زد میں آ کر 16 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔
ملک میں جنوبی وسطی ریلوے کے مرکزی رابطہ کار افسر نے بی بی سی ہندی سے بات کرتے ہوئے اس حادثے کی تصدیق کی۔
انھوں نے بتایا کہ یہ حادثہ جمعے کی صبح ساڑھے پانچ بجے کے قریب کرماد کے علاقے میں پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو اورنگ آباد کے سول ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریلوے کے افسر نے حادثے کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ’بظاہر ہلاک ہونے والے مزدور پٹڑی پر سو رہے تھے۔‘
اورنگ آباد پولیس کے ایس پی موکشا پاٹل نے بی بی سی مراٹھی کے نرنجن چنوال کو بتایا کہ یہ مزدور اورنگ آباد کے نواح میں واقع قصبے جالنا میں سٹیل کے کارخانے میں کام کرتے تھے۔
’یہ لوگ جالنا سے بھسوال کی طرف جا رہے تھے اور انھیں بتایا گیا تھا انھیں ٹرین بھسوال سے ملے گی۔‘
حادثہ کہاں ہوا؟
یہ حادثہ بدناپور اور کرماد کے ریلوے سٹیشنوں کے درمیان پربھنی۔ منمداد ریل سیکشن پر ہوا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
کرماد پولیس سٹیشن کے ایک عہدیدار نے انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’مزدور مدھیہ پردیش واپس جا رہے تھے۔ وہ ریل کی پٹڑی کے ساتھ ساتھ چل رہے تھے اور تھکاوٹ کے باعث پٹڑیوں پر ہی سو گئے تھے۔‘
اس حادثے پر ریلوے کی وزارت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب مال گاڑی کے ڈرائیور کو نظر آیا کہ کچھ مزدور پٹڑی پر سو رہے ہیں تو اس نے ریل گاڑی روکنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ ان سے ٹکرا گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کے احکامات دے دیے گئے ہیں اور جنوبی وسطی زون کے ریلوے سیفٹی کمشنر رام کرپل اس حادثے کی آزادانہ تحقیقات کریں گے۔
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹویٹ کر کے اس حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ اورنگ آباد میں ٹرین کے حادثے میں جانی نقصان پر بہت غمزدہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیر ریلوے پیوش گوئل سے بات کی ہے جو اس سارے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔










