چین کے صوبے سیچوان کے جنگل میں لگنے والی آگ سے 19 افراد ہلاک
چین کے صوبے سیچوان کے جنگل میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کے دوران آگ بجھانے کے عملے کے 18 اراکین سمیت 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
چین کے ریاستی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں آگ بجھانے والے عملے کا گائیڈ بھی شامل ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
چینی خبر رساں ادارے ژینوا کے مطابق منگل کی صبح یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہوا کا رخ اچانک بدلا جس کے باعث آگ بجھانے والے عملے کا ایک گروپ چاروں اطراف سے آگ میں گھیرا گیا۔
جنگل میں لگی یہ آگ اب ایک ہزار ہیکٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آگ پر قابو پانے کے لیے دو ہزار سے زیادہ امدادی کارکن اور آگ بجھانے کے عملے کے اہلکاروں کو بھیجا گیا تھا۔ متاثرہ علاقے سے 12 سو مقامی افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ علاقوں تک پہنچایا جا چکا ہے۔
یہ آگ پیر کی صبح ایک فارم ہاؤس میں لگی تھی تاہم تیز ہوا کے باعث آگ کے شعلے جلد ہی قریبی پہاڑوں تک پھیل گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہلاک ہونے والا گائیڈ مقامی فارم ہاؤس کا ملازم تھا اور وہ آگ بجھانے والے عملے کے 22 رکنی گروہ کی جنگل میں رہنمائی کر رہا تھا۔
اس حادثے میں عملے کے تین ارکان زخمی بھی ہوئے جنھیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مقامی میڈیا کے مطابق جنگل سے متصل قریبی شہر زی چانگ پر دھوئیں کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
ایک سال قبل بھی اس علاقے میں آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بجھانے کی کوششوں کے دوران 30 فائر فائٹرز ہلاک ہو گئے تھے۔
۔












