آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں کہا کہ انڈیا نے دنیا کو جنگ نہیں بلکہ بُدھ دیا
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں کہا کہ انڈیا نے دنیا کو ’یُدھ‘(جنگ) نہیں بلکہ بدھ دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ اس دیس کے رہنے والے ہیں جس نے پوری دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے۔
نریندر مودی نے 17 منٹ کی اپنی مختصر تقریر میں مختلف موضوعات پر بات کی۔ انھوں نے اپنی تقریر میں پاکستان کا نام نہیں لیا۔
انھوں نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے کچھ دیر پہلے خطاب کیا تھا۔
نریندر مودی نے کہا کہ انڈیا جیسے ملک میں جس طرح غریبوں کے لیے پروگرام شروع کیے گئے ہیں وہ پوری دنیا کے غریبوں کے لیے امید پیدا کرنے والی بات ہے۔
نریندر مودی نے ’مہاتما‘ گاندھی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ سال پوری دنیا کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سال گاندھی کی 150 ویں برسی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے دہشت گردی کو دنیا کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کو سنجیدگی اور شدت سے اس خطرے سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
انوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑا امتحان ہے اور اس لیے ضروری ہے کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف ایک ہو جائے۔
سرکاری سکیموں کا ذکر
انڈیا کے وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی طرف سے ملک میں شروع کی جانے والی ترقیاتی سکیموں کا بھی ذکر کیا۔
انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت اگلے پانچ برسوں میں 15 کروڑ گھروں میں پینے کا صاف پانی سپلائی کرے گی اور غریب افراد کے لیے دو کروڑ نئے گھر بنائے جائیں گے۔
انھوں نے پلاسٹک کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے سکیموں کی بھی بات کی۔
انھوں نے کہا کہ ان کی پالیسی عوام کی شرکت سے عوام کی فلاح و بہبود کے کام کرنا ہے۔