آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
شو بز ڈائری: سلمان خان کے اعلان نے عالیہ بھٹ اور مداحوں کو حیران کر دیا
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سلمان خان نے اپنے ایک اعلان سے نہ صرف اپنے مداحوں بلکہ عالیہ بھٹ کو بھی حیران کر دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ان کی سنجے لیلی بھنسالی کے ساتھ فلم ’انشا اللہ‘ روک دی گئی ہے۔
سلمان خان نے ایک اور ٹویٹ میں کچھ ایسے اشارے دیے ہیں کہ اگلی عید پر وہ ' کک ٹو' لے کر آنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم ’انشا للہ ‘کی شوٹنگ چند روز بعد شروع ہونے والی تھی۔
رہی بات عالیہ بھٹ کی تو وہ اس فلم کی وجہ سے کئی بڑی فلموں کو نہ کہہ چکی تھیں یہاں تک کہ عالیہ عامر خان کے ساتھ ایک فلم اس لیے نہیں لے پائیں کیونکہ انھوں نے اپنی تمام ڈیٹس فلم ’انشا للہ‘ کے لیے وقف کر دی تھیں۔
ادھر بھنسالی پروڈکشن نے بھی ایک ٹویٹ میں فی الحال فلم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کہا جا رہا ہے کہ سلمان خان اور سنجے لیلی بھنسالی کے درمیان فلم کے حوالے سے کچھ اختلافات ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ اب سلمان عید پر کیسے آئیں گے۔؟
سلمان اپنی ٹویٹ میں عید پر نئی فلم لانے کا وعدے اس انداز میں کر چکے ہیں کہ جیسے وہ فلم ’کک‘ کا سیکوئل لا رہے ہیں تاہم کہا جا رہا ہے کہ ’کک ٹو‘ کا سکرپٹ ابھی تیار نہیں ہے۔ اگرچہ یہ فلم پائپ لائن میں تھی لیکن اس پر کام ابھی تک شروع نہیں ہوا۔
اب دیکھنا ہے کہ سلمان خان مستقبل میں کیا کرتے ہیں۔ ان کی فلم ’دبنگ تھری‘ کی شونٹگ مکمل ہو چکی ہے تاہم وہ اپنی اگلی عید کے لیے پریشان ہیں۔
فلسماز مہیش بھٹ کی سنہ 1990 کی سپر ہٹ فلم ’عاشقی‘ کے ہیرو راہل رائے کافی عرصے کی گمنامی کے بعد اچانک جس وجہ سے خبروں میں آئے ہیں اس کا انھیں ذرا بھی اندازہ نہں تھا۔
دراصل اداکارہ کرینہ کپور نے حال ہی میں ایک ٹی وی ریالٹی شو ڈانس انڈیا ڈانس میں بتایا کہ راہل رائے ان کا پہلا 'کرش' تھے اور انھوں نے صرف راہل رائے کی وجہ سے یہ فلم آٹھ بار دیکھی تھی۔ جواب میں راہل نے ٹویٹ کیا 'سپیچ لیس‘ یعنی میرے پاس کچھ کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
ویسے ایک دور تھا جب راہل صرف کرینہ کے ہی نہیں بہت سی لڑکیوں کا کرش ہوا کرتے تھے لیکن پہلی فلم کی زبردست کامیابی اور شہرت کے باوجود وہ انڈسٹری میں زیادہ دور تک چل نہیں پائے۔
بالی وڈ کے بادشاہ کہے جانے والے امیتابھ بچن ننھی بچیوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے سفیر ہیں اور اکثر سرکاری مہم 'بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ' کی توثیق بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
اس ہفتے انھوں نے اپنے ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیٹ پر بتایا کہ انھوں نے اپنی تمام جائیداد اپنے بیٹے ابھشیک اور بیٹی شویتا نندہ کے درمیان برابر تقسیم کرنے کی وصیت کی ہے۔ انھوں نے یہی بات ٹوئٹر پر بھی واضح الفاظ میں کہی ہے۔
لوگ کہیں گے کہ یہ کسی بھی انسان کا ذاتی فیصلہ ہے تو اسے سوشل میڈیا یا میڈیا پر کہنے کی کیا ضرورت ہے۔لیکن ایسا کرکے امیتابھ بچن نے ان لوگوں کے سامنے ایک مثال پیش کرنے کی کوشش کی ہے جو اپنی جائیداد کا حقدار صرف اپنے بیٹوں کو سمجھتے ہیں۔