ممبئی میں شدید بارشیں: زمینی، فضائی اور ریل کا نظام بھی مفلوج

انڈیا کے شہر ممبئی میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے جس کے نتیجہ میں زمینی، فضائی اور ریل کا نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

دو روزسے جاری شدید بارش کے باعث منگل کی صبح دیوار گرنے سے 15 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے زیادہ تر مزدور تھے۔

حکام نے ہنگامی حالات کے پیش نظر منگل کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انڈین محکمہ موسمیات کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ گذشتہ دہائی میں ہونے والی سب سے شدید بارش ہے۔

ماہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ ناقص شہری منصوبہ بندی اور تیزی سے ہونے ہونے والی تعمیرات ان بارشوں میں ممبئی کو پہنچنے والے نقصان کے ذمہ دار ہیں۔

دو روز کی شدید موسلا دھار بارش کے باعث شہر میں سیلاب کی صورتحال ہے اور متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

شہر کے متعدد علاقوں میں نکاسی آب کے بوسیدہ نظام کے باعث بھی پانی بھر آیا ہے اور علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

ایوی ایشن حکام نے ممبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی طوفانی بارش کے سبب لینڈنگ کے دوران جہاز پھسلنے کے بعد پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے۔ اب تک 50 سے زیادہ پروازوں کا رخ تبدیل کیا گیا ہے اور کم از کم 50 پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔

سنہ 2017 میں بھی شدید بارشوں کے باعث ممبئی میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا جبکہ سنہ 2005 میں وہاں شدید بارشوں اور طوفان کے باعث بڑی تباہی کے نتیجے میں 900 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

۔