آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نیپال کی چین سے دوستی سے انڈیا کو کیا خطرہ ہے؟
نیپال میں آئے سیلاب کی وجہ انڈیا اور نیپال کے سرحدی علاقوں میں انڈیا کی طرف باندھے گئے ڈیم ہیں جس وجہ سے نیپال انڈیا سے ناراض ہے۔ دوسری جانب چین نے نیپال کے سیلاب سے متاثر علاقوں کے لیے 10 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ کیا نیپال کی انڈیا سے ناراضی اور نیپال کی چین سے دوستی کی وجہ سے انڈیا کو فکرمند ہونے کی ضرورت ہے؟
اسی بارے میں بی بی سی نامہ نگار محمد شاہد نے کٹھمنڈو میں سینیئر صحافی یوراج گھمرے سے بات کی۔ انہیں کے الفاظ میں یہ تجزیہ۔
نیپال میں اس بار سیلاب پچھلے 21 سالوں کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔ سیلاب میں اب تک کم از کم 120 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔ چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ نے نیپال کو 10 لاکھ ڈالر کی فوری طور پر امداد کا اعلان کیا ہے۔
وانگ یانگ اس وقت نیپال میں پہلے سے طے شدہ دورے پر ہیں۔ دو سال قبل نیپال میں زلزلہ آنے پر بھی چین نے امداد دی تھی۔ تب انڈیا سے بھی امداد آئی تھی۔ چین کی نیپال کو دی جا رہی امداد پر انڈیا کی طرف سے اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن انڈیا کے لیے یہ پریشانی کی وجہ ضرور ہے۔
نیپال میں جو سیلاب آیا ہے اس کی وجہ انڈیا کی طرف سے سرحدی علاقے میں باندھے گئے ایک طرفہ بند ہیں۔ ایسے تقریباً 15 بند ہیں۔ انہیں کی وجہ سے نیپال کا بالائی علاقی سیلاب کی زد میں ہے۔
نیپال میں غصہ اس لیے بھی ہے کہ انڈیا نے یہ ڈیم اپنے طور پر تعمیر کیے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایسے میں چین کے نیپال کی مدد کرنے سے انڈیا کو ایک پیغام جاتا ہے اور وہ بھی اس وقت جب انڈیا اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھی ہوئی ہے۔
انڈیا اور نیپال کے رشتے 2015 میں افتصادی محاصرے کے بعد بگڑ گئے تھے۔ اب انہیں بہتر کرنے کے لیے انڈیا کی طرف سے کسی بڑی پہل کی ضرورت ہوگی۔